مسلمانوں کو ووٹ کے حق سے کوئی نہیں روک سکتا۔ کانگریس کے استقبالیہ جلسہ سے اشوک چوہان کا خطاب

03:14PM Tue 19 May, 2015

بھٹکلیس نیوز / 19 مئ، 15 ناندیڑ: (ایجنسی)ہندوستان کے دستور میں تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا ذکر ہے ۔ مسلمانوں کو ووٹ کے حق سے کوئی نہیں روک سکتا ۔ اس طرح کا بیان مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر اشوک چوہان نے دیا ۔ سابقہ چیف منسٹر وناندیڑ کے رکن پارلیمنٹ اشوک چوہان ،مہاراشٹر پردیش کانرکیس کے صدر منتخب ہونے پر اور سینئر کارپوریٹر شفیع احمد قریشی ڈپٹی مےئر منتخب ہونے پر گزشتہ شام مدینۃ العلوم گراؤنڈ میں ان دونوں قائدین کا استقبالیہ و تہنیتی جلسہ منعقد ہواتھا ۔ جس کی صدارت الحاج مولانا معین الدین قاسمی نے فرمائی ۔ اس جلسہ میں سابقہ رکن اسمبلی اوم پرکاش پوکرنا ، مےئر شیلجا سوامی ، سابقہ مےئر عبدالستار ، سابقہ ڈپٹی مےئر آنند چوہان ، کانگریس کمیٹی اقلیتی سیل کے ضلع صدر عبدالشمیم ، اسٹینڈنگ کمیٹی کے چےئرمین ونئے پاٹل ، ہاؤس لیڈر وریندر سنگھ ، کارپوریٹر فاروق علی خان ، سنجے مورے ، ساتیلی کر ، سابقہ چےئرمین مسعود احمد خان ، کشور سوامی ، یوتھ کانگریس کے صدر عبدالغفار ، رحیم احمد خان، اردھاپور کے ناصر خان ، قاضی صلاح الدین ، پپو بیگ ، بسمت کے عبدالحفیظ باغبان وغیرہ موجود تھے ۔ پروگرام کے آغاز پر ضلع ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرحمن صدیقی نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ اقلیتی سیل کے ضلع صدر عبدالشمیم عبداللہ نے ان کے انتخاب پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں کرنے کا عزم ظاہر کیا ۔ سابقہ مےئر عبدالستار نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال کے دوران شہر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام انجام پائے گئے ہیں ۔اشوک چوہان نے ان پر جو ذمہ داری سونپی تھی اسے انہوں نے بخوبی نبھائی ۔ مےئر شیلجا سوامی نے کہا کہ شہر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مسجد ، مندر اور مذہبی عبادت گاہوں کے اطراف صاف صفائی پر توجہ دی جائے گی ۔ ڈپٹی مےئر شفیع احمد قریشی نے ان کے انتخاب پر اشوک چوہان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری کو بخوبی انجام دیں گے اور اشوک چوہان کے اعتماد پر اتر نے کا انہوں نے بھروسہ دلایا ۔ مولانا معین الدین قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ آج ملک میں فرقہ پرست طاقتیں اشتعال تقاریر کرکے پرامن ماحول کو بگاڑنے کی کوشش میں مصروف ہے ۔ سب کا ساتھ سب کا وکاس یہ نعرہ جھوٹا ثابت ہوچکا ہے ۔ دستور نے تمام شہریوں کو بنیادی حق کا تحفظ دیا ہے مگر نئی حکومت کھانے ، پینے پر پابندی لگارہی ہے ۔ اس کے لئے ہمیں احتجاج بلند کرنا ضروری ہے ۔ مولانا نے کہا کہ کارپوریٹر س اپنے اپنے وارڈوں کے مسائل پر توجہ دے کر عوامی کام کاج بہتری سے انجام دیں ۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر اشوک چوہان نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناندیڑ بلدیہ مین کانگریس کو اکثریت حاصل ہے ۔ کانگریس پارٹی تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلتی ہے ۔ کانگریس کی قیادت ہمیشہ سیکولر ازم پر عمل آوری کرتی آئی ہے ۔ مہاراشٹر میں ۵؍فیصد ریزرویشن مسلمانوں کو دیا گیا تھا مگر نئی حکومت نے ریزرویشن منسوخ کردیا ہے ۔ آر ایس ایس کھل کر میدان میں آچکی ہے ۔ مسلمانوں کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کی بات کی جارہی ہے مگر کوئی بھی طاقت مسلمانوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں کرسکتی ۔ اشوک چوہان نے کہا کہ گائے کو ذبح کرنے پر پابندی پر تمام مذاہب رضامند ہیں مگر گؤ ونش کا نیا قانون نافذ کرکے بیف پر پابندی لگانا مناسب نہیں ۔ لوگوں کے کھانے پینے پر نئی حکومت پابندی لگارہی ہے ۔ اس نئے قانون سے کسان بھی پریشان حال ہے بڑے پیمانے پر کسان خودکشی کررہے ہیں ۔ بیل گوشت کی تجارت سے وابستہ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں ۔ یہ معاملہ صرف ایک مذہب سے جڑا ہوا نہیں ہے ۔ چمڑے کی تجارت متاثر ہوگی ۔ دوا گولی کیلئے بیل کا خون اور اس کی ہڈی وغیرہ کا بھی استعمال ہوتا تھا ۔ اس کا بھی کاروبار متاثر ہورہا ہے ۔ آج ملک میں مسلمانوں اور ہندوؤں میں دراڑ پیدا کرنے کی کوشش فرقہ پرست طاقتیں کررہی ہیں ۔ جذباتی تقاریر کے ذریعہ سے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی جارہی ہے مگر ہمیں اتحاد سے کام لینا ضروری ہے ۔ اشوک چوہان نے کہا کہ مرکز اور ریاست کی حکومت کی پول کھل چکی ہے اس لئے مسلمان اب ہوشیار ہوجائیں ۔ کسی کے بہکاوے میں آکر کوئی غلط قدم نہ اُٹھائیں اور مستقبل میں کانگریس کو مضبوط کریں ۔ اس جلسہ میں اشوک چوہان اور شفیع احمد قریشی کی کثریت سے گلپوشی کرکے انہیں تہنیت پیش کی گئی ۔ پروگرام کی نظامت فیروز رشید نے فرمائی۔