بھٹکل میں موسلادھار بارش کے بعد سڑکیں زیر آب؛ قومی شاہراہ پر پانی جمع ہونے سے ٹرافک نظام متاثر

10:59AM Sun 21 Jul, 2019

بھٹکل: 21 جولائی، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں صبح سے ہوری موسلادھار بارش سے پورا بھٹکل جل تھل ہوکر رہ گیا ہے۔ آج اتوار کی صبح سے ہی موسلادھار طریقہ سے گر رہی بارش سے جہاں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے وہیں بھٹکل کے کئی علاقوں میں پانی کی نکاسی کے لیے نالیوں کا صحیح نظم نہ ہونے کے سبب  سڑکیں زیر آب پوگئی ہیں جس کی وجہ سے اب تک کئی سواریوں کے گرنے کی خبریں بھی موصول ہوئی اور کئی گھروں کے کمپاؤنڈ بھی گرنے کی خبریں ملی ہیں۔ بھٹکل مدینہ کالونی، جامعہ آباد روڈ، موسی نگر، آزاد نگر، کوکتی نگر، جالی روڈ اور مین روڈ غیرہ پر جہاں ایک طرف پانی لبالب بھرا ہوا ہے تو وہیں دوسری طرف قومی شاہراہ پر شمس الدین سرکل اور رنگین کٹہ بھی پورا کا پورا زیر آب آگیا ہے۔ قومی شاہراہ پر پانی جمع ہونے کے سبب سواریوں کو گزرنے میں کافی تکلیفات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی وجہ سے ٹرافک نظام میں خلل واقع ہوگیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے بارش سے بہت پہلے ہی نالیوں کی صفائی اور دیگر ضروری کاموں کے کیے جانے کے حکمنامہ کے بعد بھی ایسی صورتحال پیدا کیوں ہورہی ہے اور آخر اس کا ذمہ دار کون ہے؟۔ اس صورتحال پر بھٹکلیس ڈاٹ کوم نے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے فون پر رابطہ کرنا چاہا لیکن اب تک ان سے رابطہ نہیں ہوپایا ہے۔