بی ایم جے ڈی کی طرف سے مولانا عبدالباری مرحوم کا تعزیتی اجلاس
01:36PM Mon 22 Feb, 2016
بھٹکلیس نیوز ؍ 22 فروری، 16
دبئی ؍ (نامہ نگار) بی ایم جے ڈی کی طرف سے جمعہ کے روز مرحوم مولانا عبدالباری رحمۃ اللہ علیہ کا تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں مختلف لوگوں نے مولانا مرحوم کی کئی ایک صفات کو گنایا اور انہیں زندگیوں میں لانے کی درخواست کی۔
اس موقع پر جناب عبدالقادر باشہ رکن الدین صاحب نے اپنے خیالات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کے چلے جانے سے چو خلا پیدا ہوا ہے وہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا نے قرآن کے درس کو اپنا مشن بنا لیا تھا اور جو ماحول بھٹکل میں قرآن کے تعلق سے نظر آرہا ہے وہ مولانا مرحوم کی ہی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مولانا کے جنازہ میں امڈے انسانوں کے سیلاب کو صالحین کی گواہی قرار دیا اور کہا کہ مولانا کو لوگوں سے اللہ کے لئے محبت تھی جس کی وجہ سے اتنی بڑی تعداد میں لوگ ان کے جنازے میں شریک ہوئے۔ باشہ صاحب نے کہا کہ جانا تو سب کو ہے لیکن وہاں کامیاب ہونے کے لئے ہمیں یہاں کوشش کرنی چاہئے۔انہوں نے مولانا کی مختلف صفات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ ہم بھی مولانا کی صفات کو اپنانے والے بنیں۔
جناب سید خلیل الرحمٰن صاحب نے اس تعزیتی اجلاس میں مولانا کی وفات کو ایک بہت بڑا سانحہ قرار دیا اور کہا کہ مولانا نے جو صفات اپنائیں تھیں وہ ہم بھی اپنے اندر پیدا کریں۔
اس موقع پر بی ایم جے ڈی کی طرف سے تعزیتی قرار داد بھی پیش کی گئی ۔