کرناٹک قانون ساز کونسل انتخابات
01:03PM Wed 25 Jun, 2014
بھٹکلیس نیوز/25جون,14
کرناٹک قانون ساز کونسل کے شمال مشرقی کرناٹک ٹیچرس حلقہ کے انتخابات میں کانگریس بی جے پی کی نشست پرقبضہ کرنے میں کامیاب ہوئی ہے ۔ بی جے پی کے سشیل نموشی جو اس حلقہ سے مسلسل 3مرتبہ منتخب ہوئے ہیں اس بار انتخاب ہار گئے ، کانگریس آئی کے شرنپا مٹور نے اُنہیں 2089ووٹوں کی برتری سے شکست دی ، دلچسپ امر یہ ہے کہ حال ہی میں ہوئے کرناٹک قانون ساز کونسل کے شمال مشرقی گریجویٹس حلقہ کے انتخاب میں شرنپا مٹور کو بی جے پی کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی ، امرناتھ پاٹل اُنہیں شکست دیکر منتخب ہوئے تھے ، شرنپا مٹور نے کانگریس کی ٹکٹ پر کرناٹک قانون ساز کونسل کے شمال مشرقی ٹیچرس حلقہ کا انتخاب لڑتے ہوئے بی جے پی کے سشیل نموشی کو شکست دی ۔ سشیل نموشی کو چوتھی بار اپنی کامیابی کا یقین تھا لیکن نریندر مودی کی لہر اور بی ایس یڈی یورپا کے بشمول بی جے پی کے سرکردہ ریاستی قائدین کی جانب سے انتخابی مہم چلانے کا اُنہیں کوئی فائدہ نہیں پہنچا ۔ سرکاری ملازمت سے مستعفی ہو کر انتخاب لڑنے والے جنتادل سیکولر کے ایم بی امبلگی اور آزاد اُمیدوار لنگراج برادر کا خواب بھی چکنا چور ہوگیا۔ کرناٹک قانون ساز کونسل کے شمال مشرقی کرناٹک ٹیچرس حلقہ کے انتخاب میں مختلف اُمیدواروں کو محصولہ ووٹوں کی تفصیل اس طرح ہے ۔ کل ووٹ21,809، کل ڈالے گئے ووٹ19,183، مسترد ووٹ1403، نوٹاووٹ32، شرنپا مٹور کانگریس:9022منتخب، سشیل نموشی بی جے پی:6933، ایم بی امبلگی جنتادل سیکولر:953، لنگراج برادرآزاد:766، سبھاش چندر بوس ایل پی:46، ڈاکٹر ایم آر رنگناتھ آزاد:19، شنکر راؤ ایچ آزاد:06 ۔اُتر کنڑا ضلع میں ایس ،وی سنکنور نےجیت درج کی ۔