جلی کٹو پر تمل ناڈو کے نئے قانون کو جانوروں کے حقوق کے گروپوں نے عدالت میں چیلنج کیا
04:57PM Thu 26 Jan, 2017
نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)تمل ناڈو میں سانڈوں کو قابومیں کرنے کے کھیل جلی کٹو کے انعقاد کی اجازت دینے والے ریاستی اسمبلی کی طرف سے منظورنئے قانون کو چیلنج کرنے والی ہندوستانی جانور بہبود بورڈ اور جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی دیگر تنظیموں کی درخواست پر سپریم کورٹ پیر کو سماعت کرے گا۔جسٹس دیپک مشرا کی قیادت والی بنچ سے ان درخواستوں پر جلد سماعت کی درخواست کی گئی تھی ۔بنچ نے سینئر وکیل ابھیشیک منوسنگھوی اورآنندگروورسے کہاکہ وہ اپنی درخواست دائرکریں۔6؍جنوری2016کو جاری نوٹیفکیشن واپس لینے سے متعلق مرکز کی درخواست سمیت عدالت 30؍جنوری کو ان درخواستوں پربھی سماعت کرے گا۔جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپوں نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ جلی کٹو کے انعقادکی اجازت دینے کے لیے تمل ناڈو اسمبلی میں منظور نیا قانون سپریم کورٹ کے پرانے فیصلہ کو بے اثر کرنے کی کوشش ہے۔اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے کل سپریم کورٹ کو مطلع کیا تھا کہ مرکز نے تمل ناڈو میں جلی کٹو کے انعقاد کی اجازت دینے والے 6؍ جنوری 2016کے نوٹیفکیشن کو واپس لینے کا فیصلہ لیا ہے۔