ہندوستان میں پاک ہائی کمیشن کی طرف سے حریت رہنماؤں کو دعوت
04:00PM Wed 19 Aug, 2015
بھٹکلیس نیوز / 19 اگست، 15
نیو دہلی / (ایجنسی) ہندوستان میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی قومی سلامتی کے مشیروں کی بات چیت سے قبل ایک استقبالیہ میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے رہنماؤں کو مدعو کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق اس میں حریت کانفرنس کے سینیئر رہنما سید علی شاہ گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق شامل ہیں۔
انگریزی اخبار دی ہندو کے مطابق انھوں نے کہا ہے کہ ’ہمارے خیال سے بھارت اور پاکستان کو مذاکرات کرنا چاہیے۔ میں میڈیا اور حزب اختلاف کی پارٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس دعوت نامے کو سیاسی رنگ نہ دیں۔‘
خیال رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان سلامتی امور کے اعلی سطحی مذاکرات کے لیے پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیر بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئیٹرز کے مطابق تجزیہ کاروں نے اسے بھارت کو ناراض کرنے کی کوشش سے تعبیر کیا ہے۔
ادارے کے مطابق دہلی میں ساؤتھ ایشیا اینالیسس گروپ کے ڈائرکٹر ایس چندر شیکھرن نے کہا: ’یہ بھارت کو ناراض کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔‘
پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہل کار نے دعوت نامے ارسال کیے جانے کی بات کہی لیکن اس پر مزید کچھ کہنے سے گریز کیا۔
خیال رہے کہ اس سے ایک سال قبل جب پاکستان نے وزرائے خارجہ سطح کی بات چیت سے قبل کشمیر کے علیحدگی پسند رہنماؤں سے بات چیت کی بات کہی تھی تو بھارت نے امن مذاکرات کو منسوخ کر دیا تھا۔
اس وقت بھارت نے پاکستان پر اندرونی معاملے میں دخل اندازی کا الزام لگایا تھا۔