اتر کینرا میں آج کورونا کے سات نئے معاملات: بھٹکل میں وجئے واڑہ سے لوٹی خاتون بھی کورونا پوزیٹیو

10:06AM Fri 5 Jun, 2020

بھٹکل: 5 جون،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں کئی دنوں کے وفقہ کے بعد آج کورونا کا ایک نیا معاملہ سامنے آیا ہے جبکہ ضلع میں آج  یلاپور  میں کورونا کوڈ 19 کے کل چھ مریض پائے گئے ہیں اور کاروار میں بھی قطر سے لوٹے ایک شخص کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو ہونے کی خبر ملی ہے لیکن سرکاری طور جاری شام کی جانکاری میں اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ بھٹکل میں آئے تازہ معاملہ میں مخدوم کالونی کی 29 سالہ خاتون کے کورونا پوزیٹیو ہونے کی رپورٹ موصول ہوئی ہے۔ خاتون کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ریاست آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ سےچار افراد کے ساتھ 29 مئی کو بس کے ذریعے بینگلور پہنچی تھی اور وہاں ایک ہوٹل میں رہنے کے بعد وہاں سے کنداپور تک سرکاری بس کے ذریعے آئی تھی جبکہ کنداپور سے بھٹکل تک کا سفر اس نے ایک ٹیکسی میں کیا تھا اس خاتون کے ساتھ بھٹکل کے تین افراد اور شیرور کا ایک شخص بھی شامل تھا۔ تفصیلات کے مطابق جب یہ چار افراد بھٹکل پہنچے تو انہیں سرکاری اسپتال میں کورنٹائن کیا گیا تھا لیکن دو دن بعد ریاستی حکومت کی جانب چونکہ  پانچ ریاستوں کے علاوہ دوسری ریاستوں سے آنے والوں کو گھرمیں ہی کورنٹائن کا حکم جاری کیاگیا تھا اس لیے بھٹکل سرکاری اسپتال میں ان سب کے تھوک کے نمونے لے کر انہیں گھر میں ہی کورنٹائن ہونے کے لیے کہا گیا تھا جس کے بعد کل رات اس خاتون کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو موصول ہوئی ہے۔ جس کے بعد اسے آج دوپہر کو مزید علاج کے لیے کاروار کیمس لے جایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عورت کا ایک سالہ بچہ بھی ہے جس کو وہ اپنے ساتھ لے گئی ہے لیکن بچے کی رپورٹ نگیٹیو موصول ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھٹکل میں دبئی کے افراد کے رابطہ میں آنے والے اور مینگلور کے فرسٹ نیورو اسپتال کے رابطہ میں آنے والے کورونا کے تمام متاثرین صحت یاب ہوچکے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہیلتھ بلٹین کے مطابق اس کے علاوہ جن چھ افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے اس میں تین مرد ایک خاتون اور ایک لڑکا اور لڑکی شامل ہیں کاروار میں جس شخص کے کورونا پوزیٹیو ہونے کی خبر ہے اس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ قطر سے گوا پہنچا تھا جس کے بعد کاروار آنے پر اس کے تھوک کے نمونوں کو جانچ کے لیے روانہ کیا گای تھا جبکہ دیگر تمام افراد مہاراشٹرا سے لوٹے تھے جن کا تعلق یلاپور سے ہے۔ مجلس اصلاح و تنظیم کے ایک ذمہ دار نے بھٹکلیس کو بتایا کہ اس معاملہ میں چونکہ خاتون گھر میں ہی تھی اس لیے اس سے وائرس کے  پھیلاؤ کا خطرہ نہیں ہے اور امید ہے کہ اس معاملہ کے بعد پولس خاتون کے گھر سے 100 میٹر تک کا احاطہ سیل کرے گی۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ کرناٹک کے باہر ریاستوں سے آنے والوں کو سرکاری اسپتال میں اپنے آنے کی رپورٹ دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس لیے جو بھی افراد باہر سے آرہے ہیں وہ پہلی فرصت میں سرکاری اسپتال جاکر اپنی رپورٹ دیں تاکہ انہیں بھی اطمینان ہو اور ان کی وجہ سے گھر والے بھی محفوظ ہوں۔ اس معاملہ میں ڈرنے کے بجائے اپنی جانچ کرانے میں ہی خود کی اور پورے شہر کی بھلائی ہے۔