اگر مجھے بھڑکا نے کی کوشش کی تو تمام باغی اراکین اسمبلی کی پول کھول دونگا: کمار سوامی
03:55AM Fri 14 Jul, 2017
بنگلور ( بھٹکلیس نیوز ) : سابق وزیر اعلیٰ اور جے ڈی ایس کے صدرایچ ڈی کمار سوامی نے پارٹی کے باغی اراکین اسمبلی کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں بھڑکانے کی کوشش کی گئی تو وہ ان کی پول کھول کر رکھدیں گے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران باغی اراکین اسمبلی پر آگ بگولہ ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ان اراکین اسمبلی کے خلاف کوئی بیان دینا نہیں چاہتے اورخود کو ان سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں پھربھی ان اراکین اسمبلی ان کے یا خاندان کے خلاف بیانات دے کر ان کے سیاسی کیریر کو تباہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور آئے دن کوئی نہ کوئی الزامات لگاکر ان کے صبر کے پیمانہ کاامتحان لینا چاہتے ہیں اب ان اراکین اسمبلی کا پاپوں کا گھڑابھر چکا ہے اگران لوگوں نے اپنی زبان کو لگام نہیں دےئے تو ان کے کرتوت اور بے ایمانی کے تعلق سے سب کچھ عوام کے سامنے لانے کے لئے مجبور ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان اراکین اسمبلی نے سوٹ کیس کلچر کی جانچ سی بی آئی کے ذریعہ کرانے کی مانگ کی ہے اور وہ اس معاملہ میں کوئی وضاحت دینا نہیں چاہتے۔یہ اراکین اسمبلی وزیر اعلیٰ سدارامیا سے بہت قریب ہیں اوروزیراعلیٰ پردباؤ ڈالکر اسی معاملہ کی جانچ سی بی آئی کے حوالے کریں۔ پارٹی میں سوٹ کیس کلچر نہیں ہے اوراسی طرح کے بے بنیاد الزامات لگا کر پارٹی کو بدنام کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ان کے بھتیجے پراجول کمار نے اپنے بیان کے لئے ان سے معافی طلب کی ہے اس لئے وہ اس کے خلاف کوئی تادیبی کاروائی نہیں کریں گے۔ پراجول کمار کو سیاست کے تعلق سے ابھی تک بہت کم جانکاری ہے اور اس نے جوش میں آکر سوٹ کیس کلچر کا بیان دیا تھا۔ پارٹی کے اُصول اورڈسپلن کے خلاف کوئی نہیں جاسکتا اگرخلاف ورزی کی تو اس کے خلاف کاروائی ہوگی۔ انہوں نے بی جے پی کے صدر بی ایس یڈیورپا سے گذارش کی ہے کہ وہ رکن پارلیمان شوبھا کرندالاجے کے خلاف کاروائی کریں اور اس کی زبان بند رکھوائیں۔