جموں و کشمیر : دہشت گردوں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاری ، افسروں کے ساتھ ڈوبھال نے کی اہم میٹنگ

04:12PM Sun 28 Jul, 2019

قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کے کسی پیشگی اطلاع کے بغیر کشمیر وادی پہنچنے کے بعد اب الگ الگ طرح کی قیاس آرائیاں کی جانے لگی ہیں ۔ کوئی ان کے دورہ کو آرٹیکل 35 اے سے جوڑ رہا ہے ، تو کوئی اندازہ لگا رہا ہے کہ کشمیر میں کچھ بڑا ہونے والا ہے ۔ ان سبھی خبروں کے درمیان اب انکشاف ہوا ہے کہ وادی میں ایک بڑے دہشت گردانہ حملہ کے خطرہ کے پیش نظر این ایس اے اجیت ڈوبھال نے سبھی سیکورٹی ایجنسیوں کی میٹنگ کی تھی ۔ ساتھ ہی ساتھ وادی میں فوج کی تعداد بڑھانے جانے کے فیصلہ کو دہشت گردانہ حملہ کی خبر کے پیش نظر صرف فوج کو مضبوط کرنا بتایا گیا ہے ۔ دراصل خفیہ ایجنسیوں کو جانکاری ملی ہے کہ پاکستان میں واقع دہشت گرد تنظیموں کے ذریعہ وادی کشمیر میں ایک بڑے دہشت گردانہ حملہ کی سازش رچی جارہی ہے ۔ خفیہ اطلاع کے پیش نظر کشمیر وادی میں سیکورٹی فورسیز کی تعداد بڑھائی گئی ہے ۔
 اجیت ڈوبھال دو دن کے دورہ پرسری نگر پہنچے تھے ۔ بتایا  جارہا ہے کہ اس دوران انہوں نے سیکورٹی اور خفیہ ایجنسیوں کے افسران کے ساتھ الگ الگ میٹنگیں کی تھیں ، جس میں انہوں نے کشمیر میں سیکورٹی کے بندوبست کا بھی جائزہ لیا تھا ۔ ڈوبھال کے اس دورہ کو کافی خفیہ رکھا گیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کشمیر پہنچنے سے کچھ گھنٹے پہلے ہی افسران کو این ایس اے کے دورہ کی معلومات دی گئی تھی ۔