دہلی حکومت کے گوپال رائے نے دیا استعفیٰ، ستیندر جین بنے وزیر ٹرانسپورٹ
12:30PM Tue 14 Jun, 2016
نئی دہلی۔ دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ گوپال رائے نے آج اپنے عہدے سے استعفی دے دیا۔ عام آدمي پارٹی (عآپ) ذرائع کے مطابق مسٹر رائے نے صحت کی وجوہات سے استعفی دیا ہے۔ دہلی حکومت میں تعمیرعامہ کے وزیر مسٹر ستیندر جین فی الحال مسٹر رائے کے مقام پر نقل و حمل کی وزارت کا کام کاج بھی دیکھیں گے۔
مسٹر رائے نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو پہلے ہی اس بات سے آگاہ کیا تھا کہ ان کی صحت ان دنوں ٹھیک نہیں رہتی ہے جس کی وجہ سے وہ نقل و حمل کی وزارت جیسی اہم وزارت کو اپنا پورا وقت نہیں دے پا رہے ہیں۔ مسٹر رائے کی گزشتہ ماہ ایک بڑی سرجری ہوئی تھی۔ ان کی گردن میں گزشتہ 17 سال سے ایک گولی پھنسی ہوئی تھی جسے نکالنے کے لئے یہ سرجری کی گئی تھی۔ سرجری کے بعد سے ہی مسٹر رائے کی صحت ٹھیک نہیں چل رہی تھی ۔ ڈاکٹروں نے بھی انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
مسٹر رائے پر دہلی میں مجوزہ پریمیم بس سروس کے معاملے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے بدعنوانی کا الزام بھی لگایا جا رہا تھا۔ انهوں نے اس الزام كو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کل جاری بیان میں کہا تھا کہ ان کے خلاف بدعنوانی کے الزامات ثابت ہوئے تو وہ اپنے عہدے سے استعفی دے دیں گے۔