کاروار میں پاسپورٹ سیوا کیمپ کا انعقاد
05:31AM Sun 19 Oct, 2014
بھٹکلیس نیوز / 19 اکتوبر، 14
کاروار / (نامہ نگار) شمالی کنڑا ضلع کے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پہلے پاسپورٹ جاری کرنے کے لئے 45/دن کا عرصہ لگتا تھا مگر اب یہ گھٹ کر 30/دن ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ 30/دن بھی پولس محکمہ کی جانب سے ہونے والی تحقیقات و تصدیق کی وجہ سے ہوتا ہے۔ وہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں منعقدہ دو روزہ پاسپورٹ سیوا کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ لوگوں کے قریب پہنچنے کا ایک ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاسپورٹ کے جاری ہونے کے عمل میں کافی تیزی آگئی ہے اور یہ عمل آسان بھی ہوگیا ہے، آج کل پاسپورٹ کے لئے عرضداشت آن لائن دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ آن لائن کے بارے میں نہیں جانتے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اور کئی نئے نظام کے عمل میں آنے کی توقع ہے۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر کارتی کے این نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ سیوا کو ضلعی سطح تک لانے کی یہ ابتدا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ریاست میں چار پاسپورٹ کے دفاتر ہیں۔ بنگلور میں دو ہبلی اور منگلور میں ایک ایک۔ انہوں نے کہا کہ کاروار پہلا مقام ہے جہاں پاسپورٹ سیوا کیمپ منعقد کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ جاری کرنے کی مدت کو اور کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر شہری خدماتی مراکز قائم کرنے کی عرضداشتیں موصول ہورہی ہیں۔
اس پاسپورٹ سیوا کیمپ کی صدارت کاروار بلدیہ کی صدر لیلابائی ٹھانیکر نے کی۔ انہوں نے کہا یہ سیوا کیمپ کاروار کے لوگوں کے لئے عطیہ ہے۔
خیال رہے کہ اکتوبر،18 اور 19 دو روزہ کیمپ میں پاسپورٹ سیوا کے لئے 300/لوگوں نے اپنے نام رجسٹر کرائے ہیں شمالی کنڑا کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایچ پرسنا نے خیر مقدم کیا اور نظامت کے فرائض انجام دئے ۔