غریب کنبہ کے بچوں کا داخلہ کرانے کیلئے سروری بیگم کی انوکھی کوشش
05:40AM Sun 3 Jul, 2016
رانچی: رانچی میں سروری بیگم نامی خاتون نے ایک انوکھی مہم شروع کی ، جس کی ہرجانب تعریف کی جارہی ہے ۔ سروری بیگم نے ذاتی کوششوں سے بی پی ایل کنبہ کے تقریبا تین درجن بچوں کا داخلہ پرائیویٹ اسکولوں میں کرانے میں مدد کی ہے ۔ ان کی اس مدد سے غریب بچوں کے پرائیویٹ اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔
رانچی کے بریاتوں نامی علاقہ کی رہنے والی سروری بیگم ایک گھریلوں تعلیم یافتہ خاتون ہے ۔مگر تعلیمی فروغ کے جذبہ سے سرشار سروری بیگم نے بچوں کے داخلہ کے تمام مراحل اپنی سرپرستی میں پورا کرکے ان کے داخلہ کو یقینی بنایا ۔
واضح رہے کہ بی پی ایل کنبہ کے بچوں کا داخلہ پرائیویٹ اسکولوں میں کرانے کی مہم کی شروعات ریاستی اقلیتی کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر شاہد اختر نے کی تھی۔ ان کی مہم کا کافی اثر ہوا ہے۔ اس مہم کی وجہ سے سینکڑوں غریب خاندان کے بچوں کو پرائیویٹ اسکولوں میں داخلہ مل پایاتھا۔
خیال رہے معلومات نہ ہونے کی وجہ سے بھی بیشتر بی پی ایل کنبہ کے لوگ اپنے بچوں کا داخلہ پرائیویٹ اسکولوں میں کرانے سے قاصر رہتے ہیں۔ لیکن معاشرے میں ڈاکٹر شاہد اختر اور سروری بیگم جیسے لوگوں کی وجہ سے ایسے بچوں کا پرائیویٹ اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔