تمام لیڈروں کو چور کہنے پر مدھوگری کے رکن اسمبلی کو نوٹس جاری
03:11PM Thu 21 Sep, 2017
بنگلور( بھٹکلیس نیوز ):۔ پردیش کانگریس کے صدر ڈاکٹرجی پرمیشور نے مدھوگری اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی کے این راجنا کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کردی ہے اور ایک ہفتہ کے اندر جواب نہ دیاتوکاروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔پردیش کانگریس کے صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے نامہ نگاروں کوبتایا کہ کانگریس نے اگلے اسمبلی انتخابات کو سامنے رکھ کر دوبارہ حکومت بنانے کی کوشش کررہی ہے اور نچلے سطح سے پارٹی کو مضبوط کرنے کے ذریعہ پارٹی لیڈروں اور کارکن کے درمیان اختلافات اور رسہ کشی کو ختم کرنے کے لئے تمام اضلاع اور بوتھ سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں پھر بھی جلد کانگریس کے عوامی نمائندے بیانات دے کر پارٹی کی امیج کونقصان پہنچا رہے ہیں۔مدھوگری کے رکن اسمبلی کے این راجنا نے ایک تقریب کے دوران کانگریس کے لیڈروں اور عوامی نمائندوں کو چور اور لیٹرے کہا ہے۔ انہوں نے اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیا ہے اور راجنا کو نوٹس جار ی کی ہے۔ دوسری طرف رکن پارلیمان ڈی کے سریش کو بھی نوٹس جاری کرنے پرغور کیا جارہا ہے۔انہوں نے کئی مرتبہ لیڈروں اور عوامی نمائندوں سے گذارش کی ہے کہ وہ میڈیا کے سامنے کوئی بیان نہ دیں اس کے باوجود اس کے خلاف ورزی کرکے میڈیا کے سامنے بیانات دے رہے ہیں۔جس سے پارٹی کی امیج کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔انہوں نے یہ شکات اعلیٰ کمان سے کردی ہے۔