مجلس اصلاح و تنظیم میں محکمہ اقلیتی بہبود  کا اہم پروگرام؛ مختلف اسکیموں کی آگاہی

01:28PM Thu 26 Jul, 2018

بھٹکل: 26 جولائی، 18 (بھٹکلیس نیوز بیورو)   ریاستی اور مرکزی حکومتوں کی جانب سے  اقلیتوں کے لئے دی جانے ولی مختلف اسکیموں کی جانکاری کے لئے بھٹکل مجلس اصلاح  و تنظیم میں محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ایک اہم نشست منعقد ہوئی  جس میں بھٹکل تحصلدار وی این باڈکر ،اسسٹنٹ کمشنر  جناب ساجد ملا اور محکمہ اقلیتی فلاح و بہبودکے تعلقہ آفیسر جناب  شمس الدین نے اس تعلق سے بہت ہی اہم معلومات پہنچائیں۔ اس موقع پر اے سی جناب  ساجد ملا نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بہت سی اسکیمیں جاری کی جاتی ہیں لیکن عوام اس سے ناواقف رہنے کی وجہ سے  اس سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے ، انہوں نے  اس موقع پر اقلیتی محکمہ کے مختلف منصوبوں اور اسکیموں کے معلوماتی کتابچہ کا اجراء کرتے ہوئے  وہاں موجود عوامی نمائندوں کو کہا کہ وہ یہاں سے مکمل معلومات لے کر جائیں اور عوام تک اس کو پہنچانے کی فکر کریں۔ محکمہ اقلیتی فلاح و بہبود کے تعلقہ آفیسر  جناب شمس الدین نے  اس موقع پر تمام اسکیموں کی تفصیل سے جانکاری دی اور اس سے فائدہ اٹھانے کی درخواست کی ۔انہوں نے تعلیم کے لئے دی جانے والی اسکیموں اور مختلف اسکولوں کو دی جانے والی اسکیموں کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ اقلیتی طبقہ کے اسکول بھی اس سے فائدہ اٹھائیں ۔ اس کے علاوہ اس موقع پر تحصیلدار وی این باڈکر نے  بھی اس موقع پر اپنے خیالات ظاہر کئے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد تنظیم کے جنرل سکریٹری محی الدین الطاف کھروری نے استقبالیہ کلمات  پیش کیے ۔ ڈائس پر بلاک ایجوکیشن آفسر ایم آر منجی، جناب  فاروق شاہ بندری ، جناب  جعفر محتشم، بلدیہ صدر  جناب محمد صادق مٹا، جالی  پٹن پنچایت صدر  جناب آدم پنمبور وغیرہ موجود تھے۔ تنظیم کے نائب صدر جناب  عنایت اللہ شاہ بندری نے پروگرام کی  صدارت کی جبکہ سکریٹری مولانا سید یاسربرماور ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دیے ۔