بھٹکل تنظیم کی جانب سے انجام دی گئی  مختلف سرگرمیوں کی جانکاری کے لیے اہم نشست کا انعقاد

03:54PM Thu 7 Nov, 2019

بھٹکل: 07 نومبر، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے بھٹکل کے مختلف مسائل کو حل کرنے کے لیے انجام دی جارہی کارروائیوں کو عوام تک پہنچانے آج بعد نماز مغرب تنظیم میں اہم نشست کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری مجلس اصلاح و تنظیم نے بھٹکل میں بجلی کے تعلق سے ہورہے مسئلہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چار روز قبل تنظیم کے ذمہ داران کی 110/کے وی لائن کے انچارج افسر مسٹر پرمود ہیگڈے سے ایک میٹنگ ہوئی تھی جس میں انہوں نے اس منصوبہ کو آگے بڑھانے کی یقین دہانی کی تھی۔ پرمود ہیگڈے نے ایک اور شکایت کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کے میٹر سال میں ایک بار سرویس کیے جانے چاہئیں لیکن عملہ کی کمی کی وجہ سے یہ کام نہیں ہوپارہا ہے۔اس موقع پر تنظیم کے جنرل سکریٹری نے 110/کے وی لائن کے معاملہ کو وزیر اعلیٰ تک لے جانے اور آئندہ دنوں میں ایک وفد کی ان سے ملاقات کرنے کی بھی اطلاع دی۔ موصوف نے اس موقع پر قومی شاہراہ  کے تعلق سے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ قومی شاہراہ پر بھٹکل میں پانچ مقامات پر کراس چھوڑنے کے لیے مانگ کی گئی ہے اور اس تعلق سے ہائی وےاتھاریٹی کے اعلیٰ افسران کے ساتھ گفتگو کی گئی ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ پرانے چلیز ہوٹل کے پاس سے وجیا بینک(رنگین کٹہ)  تک 30/میٹر چوڑی سڑک ہے جس کے بعد نور مسجد سے آگے تک فلائی اوور تعمیر کیا جارہاہے جوکہ 45/میٹر چوڑا ہوگا ایسے میں تیس میٹر چوڑی سڑک پر ایک جانب سرویس روڈ دینے کے بعد جگہ نہیں بچ پاتی ہے اور وہاں پھر  مزید کراس دینے کا امکان نہیں ہے اس لیے کہ ہائی وے کے اصول کے مطابق ہر تین کلو میٹر کے بعد ہی ایک کراس چھوڑا جاتا ہے۔ بابری مسجد پر آئندہ کچھ دنوں میں آنے والے سپریم کورٹ کے فیصلہ کے تعلق سے بھی جنرل سکریٹری نے کہا کہ فیصلہ جو بھی ہو اس پر ہم تمام کو امن کا مظاہرہ کرنا چاہئے، انہوں نے سوشیل میڈیا پر اس تعلق سے بحث و مباحثہ نہ کرنے کی بھی اپیل کی۔ اس موقع پر صدر تنظیم جناب ایس ایم سید پرویز صاحب، جناب جیلانی شابندری صاحب، جناب صدیق ڈی ایف صاحب وغیرہ موجود تھے۔