ریاستی مخلوط حکومت متبادل سیاسی طاقت کی شروعات ہے قبل از وقت کامیابی کی باتیں کرنا مناسب نہیں ہے:دیوے گوڈا

03:21PM Fri 12 Oct, 2018

بنگلورو۔12؍اکتوبر (سالار نیوز) سابق وزیر اعظم و جنتادل ( سکیولر) کے قومی سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کہا کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں متبادل سیاسی طاقت کرناٹک میں قائم کی گئی ہے ۔ لیکن اس کی کامیابی مشکوک ہے ۔ کمار کرپا کے چترا کلا پریشد احاطہ میں بیالو پریشد اور بھارت یاترا کیندرا کی جانب سے گاندھی جی کی 150ویں جینتی اور لوک نائک جئے پرکاش نارائن کے جنم دن کے موقع پر منعقدہ ’’موجودہ نظام۔ بدنظمی ایک جائزہ‘‘پروگرام کا افتتاح کرنے کے بعد دیوے گوڈا نے کہا کہ شیو سینا، بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کو چھوڑ کر بقیہ تمام پارٹیوں کے ساتھ مل کر متبادل سیاسی طاقت قائم کرنے کیلئے ریاستی مخلوط حکومت نے اپنی کارروائی شروع کردی ہے۔ لیکن ابھی سے اس میں کامیابی کی باتیں کرنا قبل از وقت ہوگا ۔ اس کی بجائے موجودہ بد نظمی کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی زندگی سے انہوں نے ابھی دوری اختیار نہیں کی ہے ۔ انہوں نے بہار اور سانگلی میں1946میں15میل تک پیدل چل کر جدوجہد آزادی میں حصہ لیا تھا ۔ جے پی تحریک میں جیل کا تجربہ بھی ہے ، جئے پرکاش نارائن کے اصولو ں پر ہر ایک کو چلنے کی ضرورت ہے ۔ سابق رکن اسمبلی وائی وی دتا نے کہا کہ ہمارے قائدین جب جیل میں ڈالے گئے اس وقت وہ نوجوان تھے ۔ اس وقت انہیں کافی دکھ پہنچتا تھا۔لیکن آج حالات اس کے بر عکس دکھائی دے رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ لوک نائک جے پرکاش نارائن کے شہر کے گاندھی بھون آنے پر علاحدہ ماحول دکھائی دیا تھا ۔ لیکن آج حالات کافی بدل چکے ہیں۔ دتا نے کہا ریاست کے جن علاقوں کا گاندھی جی نے دورہ کیا تھا ۔ ان مقامات پر گاندھی جی کے اصولوں او ر ان کی زندگی سے نوجوانوں کو واقف کروانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں میں مقام اور وزارت کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جاتاہے اور الگ الگ طریقے سے دباؤ ڈالا جاتاہے ۔ لیکن ہم کواپنا وقار نہیں کھونا چاہئے۔اگر اس پر ہم قائم رہیں تو دیوے گوڈا جیسے قائد بن سکتے ہیں۔سینئر صحافی سرینواس راجو نے کہا کہ ہر جگہ بدنظمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اسی بد نظمی کو متحدہ طور پر ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ جے پرکاش نارائن نے سماج میں بہتر سدھار کیلئے اہم کردار نبھایا تھا ۔ موجودہ سیاسی قائدین کو بھی اسی طرز کی زندگی گزارنے کی ضرورت ہے ۔تقریب کے دوران مجاہد آزادی ایچ ایس دورے سوامی کو جاریہ سال کا جے پی ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ تقریب میں چترا کلا پریشد کے صدر ڈاکٹر بی ایل شنکر پریشد کے رکن ٹی اے شرونا سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کیں۔