سیاسی اور معاشرتی حالات پر غور و خوض کے لئے مجلس اصلاح و تنظیم میں خصوصی نشست

02:23PM Fri 27 Oct, 2017

مقررین کی طرف سے مسلمانوں کو  دشمنوں کی سازشوں کو سمجھ کر متحد ہونے کی اپیل بھٹکلیس نیوز / 27 اکتوبر، 17 بھٹکل / (رضوان گنگاولی) "ہمارا دشمن ہمارے خلاف متحد ہوچکا ہے ایسے میں ہمیں ذاتی فائدے کو نہ دیکھتے ہوئے ملت کے فائدے کوسامنےرکھ کر متحد ہونا چاہئے ورنہ ہمارے آنے والی نسلوں کو اس کا بڑا نقصان ہوگا"۔ ان خیالات کا اظہار چیف قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین جناب مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی صاحب نے کیا وہ یہاں مجلس اصلاح و تنظیم میں سیاسی اور معاشرتی حالات پر غور و خوض کے لئے منعقد خصوصی نشست میں کلیدی خطاب کر رہے تھے۔ مولانا محترم نے مزید کہا کہ اگر ہم نے ملت کے فائدے کو سامنے رکھ کر کام نہیں کیا تو بہت پچھتانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے دشمن کو پہچاننا ہے اور اس سے پہلے کہ ہمارا دشمن اکثریت میں آئے ہمیں متحد ہونا چاہئے۔  مولانا نے تنظیم کے فیصلوں پر لبیک کہتے ہوئے ذاتی مسائل کو پرے رکھنے کی درخواست کی۔ مولانا محترم نے اس موقع پر محلوں کے ذمہ داران کو رات کے وقت باہر گھومنے والے نوجوانوں پر بھی نگرانی رکھنے اور انہیں پیار و محبت سے سمجھانے  کی درخواست کی۔ مہتمم جامعہ اسلامیہ مولانا مقبول صاحب کوبٹے نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کا کام ہی اصلاح کا ہے اور اسی جانب تنظیم آگے بڑھ رہی ہے ، مولانا محترم نے بھی اجتماعیت کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنے ذاتی اغراض کو سامنے رکھ کر اجتماعی فیصلوں پر کاربند نہیں ہوں گے تو پھر آگے چل کر ہمیں ہی نقصان ہوگا۔ مولانا نے حالات کی نزاکت کو سمجھنے کی درخواست کی اور کہا کہ ہمیں ہمیشہ ہندوستان میں اسلامی تشخص کے ساتھ رہنا ہے  اس لئے ہمیں ایسا کو ئی کام نہیں کرنا چاہئے جس سے ہمیں آگے چل کر مشکلات اٹھانی پڑے۔ صدر تنظیم جناب مزمل قاضیا صاحب نے اس موقع پر پچیس سال سے اوپر والوں کو تنظیم کا ممبر بنانے کی درخواست کی اور کہا کہ اس کے لئے کسی زبان بولنے یا کچھ اور شرائط نہیں ہیں بلکہ بھٹکل میں پچیس سال سے رہنے والا آدمی اس کا ممبر ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر صدر تنظیم نے وہاں موجود لوگوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے تشفی بخش جوابات دئے۔ صدر بلدیہ جناب صادق مٹا صاحب نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات ظاہر کرتے ہوئے بلدیہ کی دکانوں کے کرایہ کے سلسلہ میں صفائی پیش کی اور دیگر باتوں کی طرف  عوام کی توجہ مبذول کرائی۔ اس کے علاوہ اس موقع پر جناب عنایت اللہ شابندری صاحب، جناب عبدالرقیب ایم جے صاحب نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔