چینی ارب پتی جیک ما دولت کی سلطنت سے درس وتدریس کی طرف واپسی
04:02PM Mon 10 Sep, 2018
چین کے ایک ارب پتی نے اپنی دولت کی ریل پیل ترک کرکے درس و تدریس کی طرف واپسی کا اعلان کیا ہے۔ آن لائن کاروبار کی مشہور ویب سائٹ ’علی بابا‘ کے بانی ’جیک ما‘ کی ثرولت کا اندازہ چار ارب 20 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔
ان کی زندگی کئی نشیب وفراز کا مجموعہ ہے مگر اُنہوں نے یہ مقام مسلسل محنت اور لگن سے حاصل کیا۔ آج ان کا شمار نہ صرف چین بلکہ دنیا کے انتہائی کامیاب کاروباری لوگوں میں ہوتا ہے۔ مشہور امریکی عرب پتی ’بل گیٹس‘ کے نقش قدم پرچلتے ہوئے ’جیک ما‘ نے بھی اپنا وقت اور دولت دونوں تعلیم اور فلاحی کاموں کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے قبل از وقت کمپنی سے ریٹائرمنٹ کے اعلان سے لوگ حیران بھی ہیں کیونکہ انہوں نے اچانک یہ اعلان کیا ہے۔
’جیک ما‘ گذشتہ تین روز سے ذرائع ابلاغ کی توجہ کا اس لیے مرکز ہیں کہ انہوں نے دولت کی سلطنت کو خیر آباد کہتے ہوئے خود کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے وقف کر دیا ہے۔
امریکی شہر نیویارک میں ’جیک ما‘ کی ریٹائرمنٹ کی خبر کے اگلے روز بیجنگ کی طرف سے اس کی تردید بھی آئی تھی۔ یہ خبرایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ جاری ہے۔
دونوں ملکوں کےدرمیان دو طرفہ تجارتی حجم 505 ارب ڈالر ہے مگر حال ہی میں امریکا نے چینی مصنوعات پر اضافی ٹیکس لگانے کا اعلان کیا جس پر چین نے بھی امریکی مصنوعات پر ٹیرف بڑھا دیا تھا۔