TCS to Recruit 500 Candidates at Job Fair in Bhatkal on October 24

06:14PM Fri 23 Oct, 2026

بھٹکل : 23  اکتوبر،2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ٹاٹا  کنسلٹنسی سروسز (TCS) کی جانب سے 24 اکتوبر کو انجمن آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کالج بھٹکل میں جاب فیئر کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے ذریعے تقریباً 500 امیدواروں کی بھرتی کا منصوبہ ہے۔ اس بات کا اعلان کالج کے پرنسپل پروفیسر یوسف کولا نے پریس کانفرنس میں کیا۔

انجمن حامی مسلمین کے اشتراک سے منعقد ہونے والا یہ جاب فیئر ان امیدواروں کے لیے ہے جنہوں نے 2024، 2025 یا 2026 میں اپنی ڈگری مکمل کرلی ہے یا مکمل کررہے ہیں۔ اہل امیدواروں میں بی کام، بی اے، بی بی اے، بی بی ایم، بی ایس سی، بی سی اے، بی اے ایف اور بی بی آئی  کے طلبہ شامل ہیں۔

منتظمین کے مطابق ہندی، کنڑا، انگریزی اور اردو زبانوں میں اچھی گفتگو کی صلاحیت رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ منتخب امیدواروں کو ماہانہ 19 ہزار روپے ابتدائی تنخواہ دی جائے گی۔

جاب فیئر کے لیے رجسٹریشن 24 اکتوبر کو صبح 8:30 بجے شروع ہوگا۔ اس کے بعد امیدواروں کی اہلیت جانچنے کے لیے اپٹیٹیوڈ ٹیسٹ اور انٹرویو منعقد کیے جائیں گے۔ منتظمین نے بتایا کہ انتخابی عمل کو اسی مقام پر مکمل کرنے کا انتظام کیا گیا ہے، تاکہ اہل امیدواروں کا اسی دن جائزہ لے کر بھرتی کا عمل مکمل کیا جاسکے۔

اس جاب فیئر میں اتر کنڑا ضلع کے بھٹکل، مرڈیشور، کمٹہ، انکولہ اور کاروار کے علاوہ پڑوسی اضلاع اُڈپی اور دکشن کنڑا کے امیدوار بھی شرکت کرسکتے ہیں۔۔

پریس کانفرنس میں انجمن کالج بورڈ کے سکریٹری فیاض کولا، پروفیسر غانـم محتشم اور پروفیسر دامودر نائک بھی موجود تھے۔