خواتین کو سرکاری سہولیات فراہم کرنا ضروری

03:19PM Tue 23 May, 2017

بنگلورو۔ ( بھٹکلیس نیوز) میئر جی پدماوتی نے بتایاکہ پسماندگی کا شکار خواتین کو سرکاری سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے۔کاسیاآڈیٹوریم میں خاتون صنعت کاروں کے ریاستی سطح کے کارگاہ کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے بتایاکہ پسماندگی کا شکار خواتین کو سرکاری اسکیموں کا علم تک نہیں ہوتا ،جس کے سبب وہ معاشی طور پر ترقی کرنے سے قاصر ہیں، اسی طرح قرضہ جات کیلئے درکار دستاویزات فراہم کرنا بھی ان کیلئے مشکل عمل ہے۔ایسے میں خواتین کو فراہم ہونے والے قرضہ جات کیلئے دستاویزات میں مراعات فراہم کرنا ضروری ہے، تب کہیں جاکر خواتین معاشی طور پر ترقی کرسکتی ہیں۔ ویمن ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی چیر پرسن بھارتی شنکر نے بتایاکہ خواتین کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے حکومت کی جانب سے کے ایس ایف سی کے اشتراک سے سبسیڈی بھی فراہم کی جارہی ہے، جس کے تحت تقریباً 419 خاتون صنعت کاروں کو سبسیڈی جاری کی گئی ہے۔ رواں سال کے دوران پانچ تا پچاس لاکھ کے قرضہ جات کیلئے کارپوریشن کی جانب سے دس فیصد سبسیڈی فراہم کی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے خاتون صنعت کاروں کیلئے قرضہ کی حد کو 50 لاکھ سے دو کروڑ روپے کردیا ہے۔ اس موقع پر خاتون صنعت کاروں کے علاوہ صنعتوں کے قیام کے خواہشمندوں نے شرکت کرتے ہوئے سرکاری اسکیموں سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ اس موقع پر کاسیا کے صدر اے پدمانابھا ،نائب صدرآر ہنومنتے گوڈا اور کے ایس ایف سی کے ایگزی کیٹیو آفیسر بی ایچ سرینواس مورتی کے علاوہ دیگر موجودتھے۔