اکیس اسلامی ممالک کے سربراہان کی ایک ہی صف میں کھڑے ہو کرنمازجمعہ کی ادائیگی
10:34AM Sat 12 Mar, 2016
ریاض: سعودی عرب میں شاہی گیسٹ ہاؤس کی مسجد میں وزیراعظم نواز شریف اور سعودی فرمانروا شاہ سلیمان بن عبدالعزیز سمیت 21 اسلامی ممالک کے سربراہان نے ایک ہی صف میں کھڑے ہوکر نماز جمعہ ادا کی۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر 21 اسلامی ممالک کے سربراہان مملکت ریاض میں موجود ہیں جہاں شاہی گیسٹ ہاؤس میں نمازجمعہ کی ادائیگی کے دوران تمام سربراہان مملکت نے ایک ہی صف میں کھڑے ہوکر نماز ادا کی۔ 21 اسلامی ممالک کے سربراہان نے دنیا کو پیغام دیا کہ وہ مشکل کی کسی بھی گھڑی میں ایک ساتھ کھڑے ہیں۔
نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، مصر، اردن ، بحرین، سنیگال، سوڈان، کویت، مالدیپ ، مراکش، چاڈ ، ترکی، تیونس، کومورس، جیبوتی ، عمان، قطر، ملائشیا اور موریطانیہ کی حکومتی شخصیات بھی نماز جمعہ کی ادائیگی میں شامل تھیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف ایک روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں اور ان کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ آصف ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری بھی سعودی عرب میں موجود ہیں۔