مسجد احمد سعید کی نچلی منزل کی تزئین و مرمت کا کام مکمل؛ جمعہ کے نماز کے ساتھ ہوا افتتاح
03:30PM Fri 19 Apr, 2019
بھٹکل: 19 اپریل، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مسجد احمد سعید کی نچلی منزل کی تزئین و مرمت کے بعد آج جمعہ کی نماز کے ساتھ اس کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس افتتاحی تقریب میں خطبہ جمعہ سے قبل بینگلور سے تشریف فرما جماعت اسلامی ہند،کرناٹک کے سکریٹری حلقہ مولانا وحیدالدین خان عمری صاحب نے "مساجد سے مسلمانوں کا تعلق اور انکا کردار" پر ایک جامع خطاب فرمایا۔ مولانا موصوف نے مسجد احمد سعید کو نماز کے علاوہ تعلیم و تربیت کے ساتھ دعوتی و سماجی مرکز بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جہاں مسلمان اس مسجد کے لئے نمازوں اور ذکر و اذکار کا مرکز بنائیں وہیں لوگ اسں مسجد کو مجبوریوں، لاچاروں اور پریشان حال کی امداد کا مرکز بھی مانیں۔ آپ نے اشاعت اسلام کی غرض سے اس علاقے میں بسنے والے برادران وطن کے لئے اس مسجد کو دعوتی سرگرمیوں کا مرکز بننے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسجد ان کے لئے ہر وقت کھلی رہے تاکہ وہ اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں کہ مساجد میں کیا ہوتا ہے۔ مولانا محترم نے خطبہ جمعہ اور امامت کے فرائض بھی انجام دئے۔مولانا کی دعا کے ساتھ ہی افتتاحی تقریب اختتام کو پہنچی-