مسلمان مسلک و مشرب سے اوپر اٹھ کر اسلامی تعلیمات پرعمل کریں: امام حرم کی تلقین
12:56PM Wed 6 Apr, 2016
نئی دہلی۔ مسلمانوں کو مسلک و مشرب سے اوپر اٹھ کر اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے قدم ا ٹھانے چاہئیں اور دیگر مذاہب کے لوگوں کے ساتھ مل کر بین المذاہب کانفرنسوں کا انعقادکرنا چاہئے تاکہ دیگر مذاہب کے لوگوں میں اسلام کے تعلق سے پید ا شدہ غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار امام حرم شیخ صالح بن محمد بن ابراہیم آل طالب نے کل رات یہاں جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقد پر تکلف عشائیہ کے دوران کیا۔ امام حرم مکّی جمعیتہ علما ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کی دعوت پرہی ان دنوں ہندستان کے دورے پر ہیں ۔
امام حرم نے اس موقع پر اپنے مختصر پیغام میں ذاتی اور مسلکی اختلافات کو ملت کے لئے خسارہ کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام محبت، اتحاد، اجتماعیت اور امن کی تعلیم دیتا ہے ۔ انسانیت ، حسن معاشرت اور اتحادو اتفاق پر زور دیا گیا ہے۔ ’’ہمیں رسول کریم ؐکی زندگی کو نمونہ بنا نا چاہئے اور صحابہ کرام کی زندگی سے تحریک حاصل کرنی چاہئے ۔
انہوں نے اسلامی تعلیمات کو عام کرنے اور انہیں لوگوں تک صحیح انداز میں پہنچانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ آج اسلام کے خلاف جو غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں ، انہیں دور کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ بین المذاہب کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے جیسا کہ جمعیۃ علما ہند نے بنگلور میں کیا ہے۔ دہشت گردی کے لئے اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔
امام حرم کی تقریر کا ترجمہ کرنے کے علاوہ جمعیۃ علما ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے جمعیۃ علما ہند اور تمام مسلمانوں کی جانب سے امام حرم کا استقبال کیا اور ان کی ہندوستان آمدپرخوشی و مسرت کا اظہار کیا۔