ایودھیا کے فیصلہ کے وقت ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے اے پی سی آر نے ڈی سی کو دیا میمورنڈم
03:56PM Fri 8 Nov, 2019
بھٹکل: 8 نومبر،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) دہائیوں پرانے ایودھیا رام جنم بھومی اور بابری مسجد تنازعہ معاملہ میں فیصلے کی گھڑی نزدیک آ گئی ہے اور امید ہے کہ اگلے ایک ہفتہ میں سپریم کورٹ کی جانب سے اس کا فیصلہ سنایا جائے گا۔
تاہم معاملہ کی نزاکت اور اس کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے آج بھٹکل میں ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سیول رائٹس (اے پی سی آر) کی جانب سے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے توسط سے ڈپٹی کمشنر کو ایک میمورنڈم سونپا گیا جس میں فیصلہ آنے کے بعد ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی شرپسند کو اپنے ارداوں میں کامیاب نہ ہونے دینے کی درخواست کی گئی۔
اس موقع پر جناب قمرالدین مشائخ صاحب نے بتایا کہ آئندہ چند دنوں میں اس سلسلہ میں سپریم کورٹ اپنا فیصلہ سنانے والا ہے ایسے میں ابھی کچھ دنوں سے سوشیل میڈیا پر شرپسند عناصر متحر ک ہورہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ایسے عناصر کو دبانے اور فرقہ واریت کو پھیلانے کے لیے سوشیل میڈیا کا استعمال کرنے والوں پر کارروائی کرنے کی مانگ کی۔انہوں نے انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ ضلع میں امن و امان بحال رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں تاکہ اس سے کسی بھی کمیونٹی کو نقصان نہ ہو۔
اس موقع پر جناب محمد رضا مانوی صاحب نے اے پی سی آر کاتعارف کیا تو جناب عبدالجبار اسدی صاحب نے میمورنڈم پڑھ کر سنایا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے میمورنڈم وصول کرتے ہوئے آگے پہنچانے کی یقین دہانی کی۔
اس موقع پر مولانا زبیر ایس ایم صاحب، جناب عنایت للہ گوائی صاحب، جناب نذیر قاسمجی صاحب اور دیگر موجود تھے۔