عمان : مسقط میں وزیر اعظم مودی نے تین سو سالہ قدیم شیو مندر کا درشن کیا ، مسجد میں بھی مانگی دعا

12:51PM Mon 12 Feb, 2018

مسقط : خلیجی ممالک کے اہم دورہ کے آخری مرحلہ میں وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کو دیر شام عمان کی راجدھانی مسقط پہنچے ۔ وزیر اعظم مودی نے مسقط میں ہندوستان عمان بزنس سمٹ میں شرکت کی ۔ علاوہ ازیں اپنے دورہ کے دوران وزیر اعظم مودی نے 300 سالہ قدیم شیوالے کا درشن بھی کیا ۔ اس دوران مندر کے باہر مودی مودی کے جم کر نعرے بھی لگے ۔ مندر درشن کے بعد وزیر اعظم مودی سلطان قابوس جامع مسجد بھی پہنچے اور وہاں دعا مانگی ۔ قبل ازیں وزیر اعظم مودی نے عمان کے نائب وزیر اعظم سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس دوران دونوں لیڈروں نے سرمایہ کاری اور تجارت سمیت باہمی امور پر گفتگو کی ۔ وزیر اعظم مودی کے اس دورہ عمان کے دوران دونوں ممالک کے مابین 8 سمجھوتوں پر بھی دستخط کئے گئے ۔
 وزیر اعظم مودی نے مسقط میں سلطان قابوس اسپورٹس کمپلیکس میں ہندوستانی برداری سے خطاب کیا ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حکومت کی طرف سے تو ایک سفیر ہوتا ہے ، لیکن ملک کی طرف سے لاکھوں سفیر عمان میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں چائے والا ہوں ، اس لئے مجھے معلوم ہے کہ 90 پیسے میں چائے بھی نہیں آتی ، لیکن ہم بیمہ دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے جن امیدوں کے ساتھ مجھے وزیر عظم کی کرسی پر بٹھایا ہے ، اسے کبھی خرونچ نہیں آنے دوں گا۔