اتر کینرا میں بارش کا زور ہوا کم؛ تعلیمی اداروں میں تیسرے دن بھی تعطیل کا اعلان
03:54PM Wed 7 Aug, 2019
بھٹکل: 7 اگست،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ساحلی کرناٹک میں ہورہی مسلسل بارش سے اتر کینرا کا پورا علاقہ زیر آب آگیا ہے۔ حلانکہ آج بدھ کو بارش کے زور میں کمی آگئی ہے لیکن احتیاطی اقدامات کے طور پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے تما م تعلیمی اداروں کو کل جمعرات کے روز بھی بند رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
وہیں دوسری طرف بارش سے متاثرہ علاقوں میں راحت کاری کا کام جاری ہے اور بارش میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔ تعلقہ میں بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ رکن اسمبلی سنیل نائک بھی حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور بذات خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ادھر دوسری طرف ڈپٹی کمشنر کی ایماء پر ضلع کے کئی علاقوں میں راحت سینٹر بنائے گئے ہیں۔
دیہاتوں میں سڑکیں جام ہونے اور پل کے ٹوٹنے سے شہر سے ان کا سلسلہ منقطع ہوگیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ تیز ہواؤں کے ساتھ ہوئی بارش کے نتیجہ میں کئی جگہوں پر درختوں کے گرنے اور مکانات کی چھتیں اڑنے کی بھی خبریں ہیں۔