نیشنل کانفرس-پی ڈی پی تنخواہوں اورسرکاری کوٹھیوں کا بھی بائیکاٹ کریں: بی جے پی کوٹے سے وزیررہے سجاد لون کا مطالبہ
12:52PM Mon 8 Oct, 2018
سری نگر: پیپلز کانفرنس کے سربراہ اورسابق وزیرسجاد غنی لون نے ریاست کی دو اہم علاقائی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کوہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں سے وابستہ افراد کواپنی تنخواہوں، سی ڈی ایف اورسرکاری کوٹھیوں کا بھی بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 25 سال تک بائیکاٹ کیا اوراب وہ (این سی اور پی ڈی پی) 25 سال تک بائیکاٹ کریں۔
سجاد لون نے پیرکے روزبلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ میں حصہ لینے کے بعد نامہ نگاروں کی جانب سے این سی اور پی ڈی پی کے بائیکاٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا "اگر وہ ووٹ ڈالنا نہیں چاہتے ہیں اوربائیکاٹ کرنا چاہتے ہیں، تو یہ ان کا حق ہے۔ ہم نے بھی 25 سال تک بائیکاٹ کیا۔ اب یہ 25 سال تک بائیکاٹ کریں۔ کوئی بات نہیں، ہم نے دیکھا ہے کہ اس میں کیا ہوتا ہے"۔
انہوں نے کہا ’باقی اگر وہ سنجیدہ ہیں، تو ان کے ممبر اسمبلی اورممبران پارلیمنٹ ہیں۔ وہ استعفیٰ دے سکتے ہیں۔ وہ اپنی تنخواہوں کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں۔ سی ڈی ایف کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں۔ غریب کے ووٹ کا بائیکاٹ کرنے سے کیا ہوگا۔ وہ جن کوٹھیوں میں رہتے ہیں، ان کا بائیکاٹ کریں۔ بائیکاٹ کرنے کے اور بھی طریقے ہیں‘۔سجاد لون نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات قصبوں کی بہبودی کے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا "لوگوں نے ہمیں ووٹ دیا اور آج ہم ان کے حق میں ووٹ دے رہے ہیں۔ یہ میونسپل انتخابات ہیں۔ قصبوں کی بہبودی کے لئے ہیں۔ جمہوری ٹیم چننا ہمارا جمہوری حق ہے۔ یہ زمینی سطح کی جمہوریت ہے"۔
خیال رہے کہ سجاد لون کی پیپلزکانفرنس جموں وکشمیرمیں بی جے پی کی حلیف جماعت ہے۔ انہیں (سجاد لون) کو بی جے پی نے اپنے کوٹہ کے تحت وزیربنایا تھا۔