کورونا سے متاثر ایک اور مریض صحت یاب ہوکر بھٹکل لوٹا؛ مزید دو افراد کی صحت بھی بہتر

12:33PM Sat 18 Apr, 2020

بھٹکل: 18 اپریل، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کاروار کے پتنجلی اسپتال میں کورونا سے متاثر ہوکر زیر علاج ہونے والا ایک اور مریض صحت یاب ہوکر بھٹکل پہنچ چکا ہے جس کے ساتھ ہی اتر کینرا میں کورونا سے متاثر ہونے والے 11/افراد میں سے 9 افراد صحت یاب ہوکر لوٹ چکے ہیں جبکہ اڈپی میں موجود حاملہ خاتون اور کاروار میں موجود ان کے شوہر کی حالت بھی بہت بہتر بتائی گئی ہے۔ آج کاروار سے بھٹکل لوٹ کر کورنٹائن ہونے والے 24/سالہ نوجون نے اپنی صحت یابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ شروع سے لے کر آخر تک انہیں اتر کینرا کے ڈی سی، ضلع پنچایت کے سی ای او اور ضلع کے ہیلتھ افسر کا تعاون حاصل رہا اور انہیں اسپتال میں بھرپور سہولیات دی گئیں جس کا نتیجہ ہے کہ وہ دماغی طور پر مطمئن ہوگئے اور انہیں جلد صحت یاب ہونے کا موقع ملا۔ نوجوان نے اس موقع پر ضلع انتطامیہ کے ساتھ ساتھ مجلس اصلاح و تنظیم، فیڈریشن اور سماجی کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ان کا اس موقع پر تعاون کیا۔ واضح رہے کہ اتر کینرا میں مجموعی طور پر 11افراد میں کورونا کوڈ19- کی تصدیق ہوئی تھی جس میں سے ایک کا علاج مینگلور کے وینلاک اسپتال میں، نو افراد کا علاج کاروار پتنجلی میں اور ایک حاملہ خاتون کا علاج اڈپی میں کیا گیا ہے۔