لڑکی کی ماں کا انکشاف، اپنے ڈرائیور کے ساتھ دیر رات گھر آتے تھے میجر گوگوئی

12:29PM Fri 25 May, 2018

سری نگر: فوج کے مشہور افسر لیتل گوگوئی کے معاملے میں نیا موڑآگیا ہے۔ مبینہ طور پر جس لڑکی کے ساتھ میجر گوگوئی ہوٹل میں داخلہ لینا چاہتے تھے، اس کی ماں نے کچھ نیا انکشاف کیا ہے۔ لڑکی کی ماں نے بتایا کہ میجر گوگوئی اس کے گھر میں اکثر آیا کرتے تھے۔ پوری کہا نی بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی بار میجر گوگوئی اپنے ڈرائیور سمیر کے ساتھ رات میں آئے تھے۔ سمیر وہاں کا مقامی باشندہ ہے۔ وہ بتاتی ہیں کہ میجر کو دیکھتے ہوئے ان کے ہوش اڑ گئے اور وہ بے ہوش ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہوا۔ اس دن میجر نے فیرن (سردیوں میں پہنا جانے والا کشمیری گاون) پہنا ہوا تھا۔ انہیں دیکھتے ہی میں بے ہوش ہوگئی، بعد میں جب وہ لوگ چلے گئے تو کسی نے مجھے پانی پلایا تب مجھے ہوش آیا۔ لڑکی کی ماں نے کہا کہ دوبارہ وہ دیر رات میں آئے، اس بار وہ پھر سے عام کپڑوں میں تھے اور انہوں نے جیکٹ پہن رکھی تھی۔ اس وقت گھر میں میں اور میری بیٹی تھے۔ لیکن میں کسی سے بتا نہیں سکی کہ میجر گوگوئی یہاں آتے ہیں۔ کل میں نے اپنی بہن کو اس بارے میں بتایا۔ آگے وہ کہتی ہیں کہ میری بیٹی گھر نہیں آئی ہے، نہ ہی اس کے والد نے اور نہ ہی میں نے اسے ابھی تک دیکھا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ جو ہمارے لئے اچھا ہو وہ کیاجائے اور قصور واروں کو سزا ملے۔ دراصل بدھ کو لیتل گوگوئی کو پولیس نے اس وقت حراست میں لے لیا تھا جب وہ سری نگر کے ایک ہوٹل میں مبینہ طور پر کسی لڑکی کے ساتھ گھسنے کی کوشش کررہے تھے۔ خبروں کے مطابق ہوٹل کے اسٹاف نے میجر کو لڑکی کے ساتھ گھسنے کی اجازت نہیں دی، جس سے ہوٹل اسٹاف سے ان کا جھگڑا ہوگیا۔ اس پر ہوٹل کے اسٹاف نے پولیس کو فون کردیا۔ تاہم اس پورے معاملے میں خاص بات یہ ہے کہ ذرائع کے مطابق لیتل گوگوئی کے ساتھ حراست میں لی گئی لڑکی نے ابھی تک میجر کے خلاف کوئی الزام نہیں عائد کیا ہے۔ پولیس نے معاملے سے منسلک باقی لوگوں سے پوچھ گچھ کرنی شروع کردی ہے۔ دوسری جانب میجر گوگوئی کے معاملے میں آرمی چیف نے سخت تبصرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج میں کسی بھی رینک کا افسر کچھ بھی غلط کرتا پایا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔  ساتھ آرمی نے جانچ کا حکم بھی دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میجر گوگوئی کے خلاف آرمی نے کورٹ آف انکوائری کے احکامات جاری کئے ہیں۔