تین طلاق پر وزیر اعظم مودی نے کہا : مسلم بہنوں کے مفاد سے کوئی سمجھوتہ نہیں
03:12PM Mon 24 Oct, 2016
وزیراعظم نریندر مودی نے تین طلاق دیئے جانے کے رواج کی صاف طور سے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اب مسلم بہنوں کو برباد ہونے نہیں دیا جائے گا۔ بندیل کھنڈ پریورتن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے یہاں بچیوں کے جنین کو ماں کے پیٹ میں قتل کرنے کو بھی غیر ٓائینی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پیدائش سے پہلے ہی بچیوں کو مارنے والوں کو اب جیل جانا ہوگا۔ ان کی سرکار اس پر سختی سے قدم اٹھارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلی فون پر تین طلاق کہہ دینے سے کسی کی زندگی خراب نہیں کی جاسکتی۔ کیا مسلم بہنوں کو برابری کا حق نہیں ہے؟
وزیر اعظم نے الیکٹرانک میڈیا سے طلاق پر ہونے والی بحثوں میں تحمل برتنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر ہونے والی بحث میں طلاق کو حکومت یا حزب اختلاف، ہندو یا مسلم کا مسئلہ نہیں بنایا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بحث کرانی ہی ہے تو قرآن کے ماہرین کے مابین کرائی جانی چاہئے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ مسلم خواتین کو حق دلانا ان کی عوامی ذمہ داری ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کچھ مسلم بہنیں تین طلاق کے معاملے پر سپریم کورٹ گئی تھیں۔
عدالت نے ان کی حکومت سے رائے مانگی۔
حکومت نے واضح کہہ دیا کہ فرقہ کی بنیاد پر خواتین سے کیا کسی سے بھی کوئی امتیاز نہیں کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ وہ حیران ہیں کہ ووٹ کے لالچ میں کچھ سیاسی پارٹیاں تین طلاق کی طرفداری کرکے مسلم خواتین کے ساتھ نا انصافی کرنے میں مصروف ہیں۔