دریا گنج تشدد : بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر آزاد کو ملی ضمانت ، مگر عدالت نے رکھی یہ بڑی شرط
03:05PM Wed 15 Jan, 2020
بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد کو سی اے اے کے خلاف پرانی دہلی کے دریا گنج علاقہ میں تشدد کے معاملہ میں گرفتار کیا گیا تھا ، جس میں سماعت کے بعد تیس ہزاری کورٹ نے آزاد کو ضمانت دیدی ہے ۔ ساتھ ہی عدالت نے ایک شرط بھی عائد کی ہے ۔ عدالت نے شرط میں کہا ہے کہ اگلے چار ہفتوں تک دہلی میں چندر شیکھر آزاد نہیں رہیں گے ۔
دہلی میں الیکشن ہونے والا ہے ، ایسے میں سیکورٹی کے پیش نظر دہلی الیکشن میں کوئی خلل نہ پڑے ، اس لئے چندر شیکھر کو سخت ہدایات بھی دی گئی ہیں ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس معاملہ میں جب تک چارج شیٹ داخل نہیں ہوجاتی ہے ، آزاد سہارنپور میں ہر ہفتہ کو ایس ایچ او کے سامنے اپنی حاضری دیں گے ۔ وہیں عدالت کی طرف سے چندر شیکھر کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ وہ شاہین باغ نہیں جائیں گے اور نہ ہی وہاں جاری احتجاج میں وہ کسی بھی طرح شامل ہونے کی کوشش کریں گے ۔
بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر عرف راون کی ضمانت پر سماعت کے دوران تیس ہزاری کورٹ نے انہیں پھٹکار بھی لگائی ۔ عدالت نے کہا کہ آپ کو انسٹی ٹیوشن اور وزیر اعظم کا احترام کرنا چاہئے ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ جو گروپ احتجاج کرتا ہے ، املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی اسی گروپ پر لگتا ہے ۔
اس معاملہ میں پولیس کا کہنا تھا کہ تشدد ہوا اور پولیس بیریکیڈنگ اور دو پرائیویٹ گاریوں کو نقصان پہنچا ، جس کی جوابدہی چندر شیکھر کی ہے ۔