بھٹکل میں چار ہزار گھروں کا طبی سروے مکمل؛ حالات اطمینان بخش؛ ڈپٹی کمشنر

11:59AM Fri 3 Apr, 2020

بھٹکل: 3  اپریل،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) کورونا وائرس کی وجہ سے وزیر اعظم کے حکم کی تعمیل میں 21  دن کے لاک ڈاؤن کے بعد بھٹکل میں حالات کو بگڑتا دیکھ ڈپٹی کمشنر ہریش کمار نے ہیلتھ ایمرجینسی لاگو کردی تھی۔ اسی ضمن میں انہوں نے کاروار میں منعقد ایک اخباری کانفرنس میں بتایا کہ ہیلتھ ایمرجینسی کے بعد جو رپورٹ ملی ہے اس سے بھٹکل اور ضلع کے حالات اطمینان بخش نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے بھٹکل کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے 8000 گھروں میں سے 4000/گھروں کا طبی سروے کیا جاچکا ہے جس میں صرف 13 /افراد میں معمولی بخار کی علامات پائی گئیں ہیں جو کہ بہت ہی خوش آئند بات ہے۔ ڈی سی نے بتایا کہ کھانے پینے کی اشیاء اور دوائیوں وغیرہ کے تعلق سے عوام کو ڈرنے کی بالکل ضرورت نہیں ہے اس کی تمام تر تیاریاں کی گئی ہیں اور ضروریات زندگی کو پہنچانے کا پورا انتظام کیا جاچکا ہے اس سلسہ میں عوام کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ضلع سے صرف آٹھ افراد دہلی نظام الدین مرکز کے اجتماع میں شریک ہوئے تھے جن کی جانچ کے بعد انہیں اپنے گھروں میں ہی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بھٹکل کے جو بھی افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں ان کی طبیعت میں دن بدن سدھار آرہا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ان کے ساتھ رابطہ میں رہنے والوں کی بھی نگرانی کی جارہی ہے اور ان کو بھی کورنٹائن کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام کو اسی طرح کے تعاون کو برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا  کہ وہ اپنے گھروں مین ہی رہیں تاکہ اس بیماری سے مکمل نجات حاصل کی جاسکے۔ یاد رہے کہ بھٹکل میں اب تک 71 لوگوں کے سواب کے نمونے لیے گئے تھے جس میں سے آٹھ افراد کی پوزیٹیو رپورٹ آئی ہے جبکہ 60 افراد کی رپورٹ نگیٹیو موصول ہوئئ ہے اور تین کی رپورٹ معلق ہے۔