ریاستی حکومت دھان کی خریداری میں پوری طرح ناکام :نند کشور یادو
01:55PM Fri 24 Mar, 2017
پٹنہ، (بھٹکلیس نیوز)بہار اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اور سینئر بی جے پی لیڈر نند کشور یادو نے کہا ہے کہ دھان کی خریداری میں ریاستی حکومت پوری طرح پھسڈی ثابت ہوئی ہے۔مالی سال کے ختم ہونے میں صرف ایک ہفتے کا وقت باقی ہے اور ریاستی حکومت اب تک محض 14لاکھ میٹرک ٹن ہی دھان کی خریداری کر سکی ہے۔بی جے پی کے سینئر لیڈر یادو نے جمعرات کو یہاں کہا کہ گزشتہ سات سالوں کے اندر اس سال سب سے کم دھان کی خریداری ہوئی ہے۔گذشتہ سال اس معاملے میں ریاستی حکومت کی ہوئی فضیحت کی وجہ سے حکومت نے اپنی ناکامی کے پیش نظر دھان کی خریداری کے ہدف کا ہی اعلان نہیں کیا۔گزشتہ مالی سال میں 30لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریداری کا ہدف حکومت نے مقرر کیا تھا ،لیکن ساڑھے 18لاکھ ٹن ہی دھان کی خریداری کی جا سکی تھی۔اس سال دھان کی ریکارڈ پیداوار تقریبا 85لاکھ ٹن ہوئی، لیکن ریاستی حکومت کے نکمے پن کی وجہ سے بچولیے حاوی رہے اور کسانوں کو اونی پونی قیمتوں پر اپنی پیداوار کو بیچنے کے لیے مجبور ہونا پڑا۔دھان کی فروختگی کے لیے ریاست کے سوا پانچ لاکھ کسانوں نے درخواست دی تھی، جبکہ خریداری سوا دو لاکھ کسانوں سے ہی ہوئی ،ان میں زیادہ تر کا انتخاب پیک اور کاروبار منڈل کے عہدیداروں نے سیاسی نفع نقصان کو دیکھ کر کیا۔آخر ان تین لاکھ کسانوں کا کیا قصور تھا؟ ریاستی حکومت نے کس سیاست کے تحت ان کونظرانداز کیا ؟ یادو نے سوال کیا کہ انتخابی سال 2014-15میں کسانوں کو فی کوئنٹل تین سو روپیہ بونس ریاستی حکومت نے دیا تھا، اس سال کیوں نہیں دیا گیا ؟ دھان کی خریداری میں حکومت کی ناکامی اور بونس نہ دینے سے ریاستی حکومت کی کسان مخالف سازش ، کردار اور چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، کھیت کھلیان میں خون پسینہ بہانے والے کسانوں کی حق ماری کی بددعا سے ریاستی حکومت بچ نہیں سکتی، آنے والے دنوں میں یہ بھی نظر آئے گا۔