نریندرمودی اور امیت شاہ کرناٹک کا ایک بار نہیں سوبار بھی دورہ کرلیں ریاست میں کانگریس کی جیت سورج کی مانند یقینی ہے:سدارامیا
02:16PM Mon 26 Mar, 2018
بنگلورو۔26؍مارچ(سالار نیوز) ریاستی وزیراعلیٰ سدارامیا نے کہاکہ وزیر اعظم نریندرمودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدرامیت شاہ سرزمین کرناٹک کا ایک بار نہیں سوبار بھی دورہ کریں تو کچھ ہونے والا نہیں ہے اور مذکورہ دونوں بی جے پی لیڈروں کے ریاست کے دورے سے کوئی فرق پڑنے والا نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ سدارامیا نے میسور میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ خفیہ سروے رپورٹ کے مطابق کرناٹک میں اقتدار کی گدی دوبارہ کانگریس ہی کے ہاتھوں میں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی عوام بی جے پی کے رشوت خور اور بدعنوان لیڈروں سے اچھی طرح واقف ہیں اور وہ جیل کی ہوا کھاچکے بی جے پی لیڈروں کو اقتدار سے دور ضرور رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کانگریس پارٹی کا دوبارہ کرناٹک میں برسراقتدار آنا سورج کے مانند سچ ہے۔ اعتماد سے سرشار ریاستی وزیراعلیٰ سدارامیا نے آج یہ یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ان کے 5؍سال کے دور اقتدار کے دوران انہوں نے جو وعدے کئے تھے اس کو پورا کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اس کے علاوہ عوامی مفادات پروگرامس، غریب اور مستحق افراد کے لئے فلاحی پروگرامس اور ریاست کی مجموعی ترقی کے لئے ان کے اٹھائے گئے اقدام سے عوام کافی خوش ہیں۔ انہیں امید ہے کہ ریاستی عوام فرقہ پرست پارٹی کو اقتدار سے دور رکھتے ہوئے دوبارہ کانگریس پارٹی کو ہی ریاست میں برسراقتدار لائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ نریندرمودی اور امیت شاہ ایک سومرتبہ بھی کرناٹک کا دورہ کریں تو اس سے کچھ فرق پڑنے والا نہیں ہے اور کانگریس کی جیت یقینی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاست میں عوام کی تائید کانگریس کے لئے دن بہ دن بڑھتی ہی جارہی ہے جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کرناٹک میں دوبارہ کانگریس برسراقتدار ضرور آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ اتھنی سے لے کر چامراج نگر، منڈیا تک سبھی علاقوں میں عوام کی بھرپور تائید ملنے لگی ہے۔ جنا آشیروادا، سماویشا میں لاکھوں کی تعداد میں عوام کی شرکت کانگریس پارٹی کے لئے جیت کی ضامن ہے۔ ریاستی عوام کا کانگریس کے ساتھ رہنے کا یہ کھلاثبوت ہے۔ اس سے اپوزیشن پارٹیاں بھی اچھی طرح واقف ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کام کرنے والوں کا عوام ہمیشہ ساتھ دیں گے اور جھوٹے وعدے کرنے والے افراد کو عوام گھر واپس بھیج دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ساحلی علاقہ کو فرقہ وارانہ مرکز بنانے کے لئے فرقہ پرست بی جے پی نت نئے حربے استعمال کرنے لگی ہے اور عوام کے درمیان ذات پات کو بڑھاوا دیتے ہوئے مذہب کی بنیاد پر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کرنے لگی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کچھ بھی حربے استعمال کرلے۔ لیکن ریاستی عوام انہیں برسراقتدار ہرگز نہیں لائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بی جے پی لیڈران کانگریس پر بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں۔ لیکن اس سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے۔ ساحلی علاقوں میں بھی وہاں کے عوام نے جنا آشیروادا یاترا کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے بی جے پی کو منہ توڑ جواب دیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ رشوت خوری اور بدعنوانیوں میں ملوث شخص کو بی جے پی نے وزیراعلیٰ کے امیدوار کے طورپر پیش کیاہے۔ لیکن عوام جیل کی سزا کاٹ چکے افراد کو کبھی بھی اقتدار سونپنے والے نہیں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاست میں کانگریس کی لہر کافی زوروں پر دکھائی دے رہی ہے۔ بی جے پی کی پریورتن یاترا پوری طرح ناکام ہی رہی ہے۔ بی جے پی لیڈروں کو کانگریس حکومت کے خلاف بات کرنے کے لئے کوئی موقع ہی نہیں مل رہاہے۔