شرت مڈیوال کے قتل میں ایس ڈی پی آئی اشرف علی کے قتل میں بی جے پی کا ہاتھ: رمناتھ رائے
03:54PM Tue 29 Aug, 2017
بنگلور( بھٹکلیس نیوز ):۔ وزیر برائے جنگلات اورماحولیات رمناتھ رائے نے کہا کہ جنوبی کینرا ضلع میں آر ایس ایس کے رکن شرت مڈایوال کے قتل میں ایس ڈی پی آئی کا ہاتھ ہے اور اسی طرح ایس ڈی پی آئی کے رکن اشرف علی کے قتل میں بی جے پی کے کارکن کا ہاتھ ہے ۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ دونوں پارٹیاں اس ضلع میں ان وامان اور نظم و ضبط کو خراب کرنے میں سرگرم ہیں او ر حکومت اس کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرے گی اور حکومت کسی بھی سیاسی پارٹی یا تنظیم کی حمایت نہیں کرے گی۔حکومت تمام فرقہ کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرانا چاہتی ہے اور اس طرح کے تشدد اور فرقہ وارانہ فسادات کو بڑھاوا دینے کا موقعہ ہرگز نہیں دے گی ۔ساحلی ضلع میں تشدد اور فسادات کرانے والوں کے پیچھے کون ہے اس کا پتہ چل چکا ہے ۔حکومت نے ریاست کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس روپ کمار دتہ کے ذریعہ جانچ کرائی تھی۔ دتّہ سی بی آئی کے جوائنٹ ڈائرکٹر رہ چکے ہیں اور انہیں جانچ کے معاملات میں کافی تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے فسادات کے تعلق سے جانچ کر حکومت کو ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے ۔اس رپورٹ میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے تعلق سے چند مفید اور کار آمد تجاویز اور سفارشیں بھی کی گئی ہیں۔حکومت ان تمام سفارشوں کوجاری کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کینرا اور اڑپی ضلع میں آر ایس ایس ۔ بجرنگ دل کہ ساتھ بی جے پی نے سیاسی فائدہ اٹھانے کے لئے فرقہ وارانہ فسادات کرائے تھے اور ہر ایک بات کو لیکر جھگڑا کرنے کے ساتھ ہی ایک تنازعہ کھڑا کردیتے تھے ۔اب اس طرح سیاسی چالوں اورناپاک ارادوں کو ناکام کردیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی پر پابندی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔یہ پارٹی معاشرہ کی بھلائی کے لئے اچھا کام کررہی ہے۔