سعودی خواتین کو حکومت نے تاریخ میں پہلی بار اسٹیڈیم میں داخلہ کی دی اجازت
03:01PM Thu 21 Sep, 2017
ریاض۔ سعودی حکومت اپنے ویژن 2030 کے تحت سماجی اور معاشی اصلاحات کی جانب گامزن ہے۔ اسی ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے سعودی حکومت نے تاریخ میں پہلی بار سعودی خواتین کو اسٹیڈیم میں جانے کی اجازت دی ہے۔ سعودی حکومت نے خواتین کو یہ اجازت قومی دن کی تقریبات کو دیکھنے کے لئے دی ہے۔ خیال رہے کہ مملکت میں سعودی خواتین کو کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم میں جانا ممنوع ہے، تاہم اب وہاں کی حکومت بتدریج اپنے قوانین میں تبدیلی لا رہی ہے۔
عرب نیوز ڈاٹ کام کے مطابق، سعودی عرب کے 87 ویں قومی دن کے موقع پر دارالحکومت ریاض کے شاہ فہد اسٹیدیم میں خواتین کو داخلہ کی اجازت دی گئی ہے۔ تقریبا چالیس ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش والے اس اسٹیڈیم میں خواتین اپنے مرد سرپرستوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں آ سکیں گی تاہم انہیں خواتین کے لئے مخصوص سیکشن میں ہی بیٹھنا ہو گا۔ عمومی طور پر اس اسٹیڈیم میں فٹبال میچیز ہوتے ہیں۔
غور طلب ہے کہ مملکت میں سختی کے ساتھ اسلامی قوانین نافذ ہیں جس کی رو سے خواتین مرد سرپرستوں کے بغیر نہ تو سفر کر سکتی ہیں اور نہ ہی وہ کوئی دوسری سرگرمی انجام دے سکتی ہیں۔