بھٹکل کے پانچ کورونا متاثرین آج کاروار اسپتال میں صحت یاب
11:27AM Tue 14 Apr, 2020
بھٹکل: 14 اپریل،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل والوں کے لیے راحت کی خبر یہ ہے کہ بھٹکل کے پانچ کورونا مریض آج کاروار اسپتال سے صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہونے والے ہیں جنہیں احتیاطی طور پر بھٹکل میں کورنٹائن سینٹر میں رکھا جائے گا۔
اتر کینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صحت یاب ہوکر اسپتال سے لوٹنے والوں میں گزشتہ روز صحت یاب ہونے والے 65/سالہ شخص کی اہلیہ اور ان کی دو بیٹیاں بھی شامل ہیں اس کے علاوہ ایک وہ شخص ہے جو مینگلور سے اپنی کار پر کورونا متاثر شخص کو بھٹکل لایا تھا۔ پانچویں مریض کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ دبئی سے 19 مارچ کو اپنے بھائی کے ساتھ گوا ائرپورٹ ہوتے ہوئے بھٹکل پہنچا تھا۔
مجموعی طور پر اب بھٹکل کے کل 9 کورونا مریضوں میں سے سات افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ دو افراد کی صحت بھی بہتر بتائی گئی ہے جس میں ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے جس کو علا کے لئے اڈپی اسپتال میں رکھا گیا ہے۔