وجئے پور پارلیمانی حلقہ جنتادل (ایس ) کو جانے سے کانگریس کیمپ میں مایوسی
02:41PM Fri 15 Mar, 2019
وجئے پور ۔15؍مارچ (نامہ نگار) وجئے پور (محفوظ) پارلیمانی حلقہ جنتادل (ایس ) کے حوالے کئے جانے سے یہاں کانگریس کے خیمے میں مایوسی دیکھنے کو مل رہی ہے ۔کانگریس اور جنتادل (ایس ) کے درمیان پارلیمانی نشستوں کی تقسیم کے لئے طے ہوئے معاہدہ میں وجئے پور پارلیمانی نشست جنتادل (ایس) کو حاصل ہوئی ہے جسے حاصل کرنے مقامی کانگریس رہنماؤں نے ایڑی چوٹی کازور لگایاتھا۔آخر کار دیوے گوڈا اور کمارسوامی کاپلہ بھاری ثابت ہوا۔ یہ حلقہ جنتادل (ایس ) کو چلے جانے سے یہاں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ بی جے پی کے لئے آسانی ہوجائے گی اور دوبارہ رمیش جگ جنگی کی قسمت چمک جائے گی جبکہ اس مرتبہ جگ جنگی کاانتخاب آسان نہیں لگ رہا تھا۔ بی جے پی سے موجودہ رکن پارلیمان رمیش جگ جنگی کوٹکٹ ملنا طے ہے ۔ حالانکہ رکن اسمبلی بسون گوڈاپاٹل یتنال ان کے سخت مخالف ہیں مگر کانگریس کے مقابلہ میں نہ ہونے سے جگ جنگی خوش نظر آرہے ہیں ۔جنتادل (ایس) یہاں کسی بنجارہ کو ٹکٹ دینے کے حق میں ہے۔ اس طرح یہاں دلتوں اور بنجارہ طبقات کے درمیان مقابلہ ہوگا۔