بائک سوار نے دو رکشہ ڈرائیوروں کو چاقو گھونپ دیا:ڈرائیور حنیف کی موت

12:33PM Sun 29 Jan, 2017

بھٹکلیس نیوز / 29 جنوری، 17 اڈُی / (نامہ نگار ) یہاں کراولی سرکل کے پاس آدھی رات کوایک موٹر بائک سوار نے دو رکشہ ڈرائیوروں کو چاقو گھونپ دیا جس کی وجہ سے ایک کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی  ہے  جبکہ دوسرا سخت زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہے۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے رکشہ ڈائیور کی شناخت حنیف (۵۴ سال) کے نام سے کی گئی ہے جبکہ زخمی کانام شبیر بتایا جاتا ہے۔خبروں کے مطابق  حنیف کراولی سرکل سے نیتور کی طرف جاتے ہوئے روڈ کے غلط رخ پر رکشہ چلارہاتھا۔ایک بائک سوار نے اسے روک کر اعتراض کیا کہ وہ کیوں غلط رخ پر رکشہ چلارہا ہے۔دونوں میں تکرار چل رہی تھی اسی وقت وہاں شبیر پہنچا اور حنیف کی حمایت میں بولنے لگاتو ان کے درمیان جھگڑا بڑھ گیا۔مشتعل بائک سوار نے اچانک چاقو نکال کرحنیف اور شبیر پر حملہ کردیا۔ حملہ کی تاب نہ لاتے ہوئے حنیف نے موقع پرہی دم توڑ دیا جبکہ  شبیر کو شدید زخمی ہونے کی وجہ سے  پہلے اجڈکا کے اسپتال لے جایا گیا پھر وہاں سے مزید علاج کے لئے اسے منی پال اسپتال میں منتقل کیاگیا ہے۔اجنبی حملہ آور بائک  پر سوار  ہوکرموقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ اس تعلق سے حنیف کے اہل خانہ نے بتایا کہ انہیں ملی ہوئی اطلاع کے مطابق حملہ آور بائک سوار اکیلا نہیں تھابلکہ اس کے ساتھ کچھ اور بھی لوگ تھے۔اڈپی سٹی پولیس نے کیس درج کر لیا ہے۔ (کنڑا سے ترجمہ : اے جے اسدی)