نوٹ بندی معاملہ :امت شاہ نے فیصلہ کی مخالفت کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا

02:50PM Fri 18 Nov, 2016

اعظم گڑہ ، (ایف او یس) بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے 500 اور 1000 روپے کے نوٹ بند کیے جانے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنارہے سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں پر طنز کستے ہوئے آج دعوی کیا کہ یہ لیڈر خود کو عوام کے سامنے نقاب کر رہے ہیں۔شاہ نے پریورتن یاترا کے تحت یہاں منعقد ریلی میں کہاکہ اکھلیش بھائی آپ کو کس بات کی فکر ہے؟ ہمارے پاس بلیک منی تھی ہی نہیں، تو جائے گی کہاں، وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ہی فیصلے میں 500 اور 1000روپے کے نوٹ ردی کر دیا ۔انہوں نے کہاکہ مایاوتی، کانگریس، سماج وادی پارٹی، ممتا، کمیونسٹ، کیجریوال، سارے ہائے توبہ کر رہے ہیں۔امت شاہ نے دعوی کیا کہ نوٹ بند ہونے سے کالابازاری رکی ہے، آپ کیوں رو رہے ہو، کیوں عوام کے سامنے خود کو بے نقاب کر رہے ہو۔شاہ نے کہا کہ پانچ سو اور ہزار روپے کے نوٹ بند کرنے سے دہشت گردوں، ڈرگس مافیا، نکسلیوں اور بدعنوان کالابازاریوں کے پاس جو دولت تھی ، ردی ہو گئی ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو لائن میں لگنا پڑ رہا ہے،اس کا دکھ ہمیں بھی ہے،بڑے فیصلے لینے میں کچھ پریشانیاں تو ہوتی ہیں ، مگر اس سے باقی کی زندگی اچھی ہوگی ۔مہنگائی کم ہو گی، کالابازاری پر لگام لگے گی ، پاکستان کا جعلی نوٹ بیکار ہو جائے گا۔بی جے پی صدر نے کہا کہ نوٹ بند ی سے کسانوں کو ہو رہی پریشانیوں کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے مودی نے ہر کسان کو بیج اور کھاد خریدنے کے لیے 25-25ہزار روپے کے نئے نوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔