پی یو سی دوم کے آخری پرچہ کے لیے بھٹکل کے امتحانی مراکز میں تیاریاں تیز: طلبہ کو ایک گھنٹہ قبل امتحان سینٹر پہنچنے کی ہدایات

12:36PM Tue 16 Jun, 2020

بھٹکل: 16 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملتوی ہونے والا پی یو سی دوم کا آخری پرچہ 18 جون کو ہونے والا ہے جس کے لیے ریاست بھر میں  1016 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں اور ہر 200 طلبہ کی طبی جانچ کے لیے ایک ہیلتھ سینٹر بھی بنایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھٹکل میں پی یو سی دوم کے امتحان کے لیے چار مراکز بنائے گئے ہیں جبکہ ضلع اُترکنڑا میں پی یو سی دوم کے امتحان کے لئے  30 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں جملہ 13568 طلبہ امتحان میں شریک ہوں گے۔ اطلاع کے مطابق ان میں 577 طلبہ ایسے ہیں جو دوسرے اضلاع میں تعلیم حاصل کرنے والے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے دی گئی چھوٹ کی وجہ سے انہوں نے اپنا سینٹر تبدیل کیا ہے۔ بھٹکل میں موجود چاروں امتحانی مراکز میں طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور سینیٹائزیشن کا کام بھی کیا گیا ہے۔ اسی طرح سماجی دوری کو یقینی بنانے کے لیے بنچ اور ڈیسک کو بھی خاص ترتیب کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ضلعی ڈپٹی کمشنر نے تمام طلبہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانی مراکز میں امتحان سے ایک گھنٹہ پہلے پہنچنا ضروری ہے تاکہ ان کی تھرمل اسکیننگ کی جاسکے۔ اسی طرح طلبہ کو فیس ماسک اور سینیٹائزر بھی ساتھ میں رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دوسرے اضلاع سے سینٹر تبدیل کرکے بھٹکل میں امتحان دینے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ نئی ہال ٹکٹ  ویب سائٹ http://www.pue.kar.nic.in  سے ڈاون لوڈ کرکے اپنے ساتھ لے جائیں اور اپنی کالج  کا شناختی کارڈ بھی اپنے ساتھ رکھیں۔