ارنب-کامرا معاملہ: کامرا کا سلوک ایسا نہیں تھا کہ ان پر پابندی لگے، انڈیگو پائلٹ
03:40PM Thu 30 Jan, 2020
ریپبلک ٹی وی کے ایڈیٹر ارنب گوسوامی اور ’اسٹینڈ اپ کامیڈین‘ کنال کامرا کے مابین انڈیگو کی جس پرواز میں واقع پیش آیا تھا اس کے پائلٹ کا کہنا ہے کہ کنال کامرا کی کسی بھی سرگرمی یا بات سے کسی مسافر کی جان کو خطرہ پیدا نہیں ہوا اور نہ ہی کنال کامرا نے کسی بھی ہدایت کی خلاف ورزی کی۔ پائلٹ نے اس واقعے کے بارے میں ایئر لائن کو بھیجی گئی ایک تفصیلی رپورٹ میں یہ بات کہی۔ یاد رہے کہ اس واقعے کے بعد انڈیگو سمیت تمام ایئر لائنز نے کنال کامرا کے پرواز سے سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
رپورٹ میں پائلٹ نے کہا کہ، ’’اس واقعے کی بنیاد پر کنال کامرا پر پابندی عائد کردی گئی ہے، مجھے اس میں کچھ بھی ایسا نہیں لگا کہ ان پر لیول-ون کے تحت کارروائی کی جائے۔ در حقیقت ایک پائلٹ کی حیثیت سے میں اور میرے ساتھی یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے اس سے بدتر سلوک بھی دیکھے ہیں اور انہیں ناپسندیدہ نہیں سمجھا گیا۔‘‘
پائلٹ نے اس رپورٹ میں مزید لکھا ہے کہ، ’’میرے لئے افسوس کی بات ہے کہ میری ایئر لائن نے پائلٹ سے بات کیے بغیر محض سوشل میڈیا پوسٹ کی بنیاد پر ایسی کارروائی کی۔ یہ میرے 9 سالہ فلائنگ کیریئر کا سب سے عجیب و غریب واقعہ ہے۔‘‘ انہوں نے لکھا، ’’میں یہ کہنا اور سمجھنا چاہتا ہوں کہ وی آئی پی مسافروں کے ساتھ ناروا سلوک پر کیے جانے والے اقدامات کے معیار مختلف ہیں۔ میں اس معاملے میں اپنی ایئر وائن سے وضاحت چاہتا ہوں کیونکہ اس سے کافی الجھن پیدا ہوئی ہے۔
پائلٹ کی مکمل رپورٹ ٹویٹر ہینڈل کے ذریعے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے۔ جسے آپ مندرجہ ذیل لنک میں پڑھ سکتے ہیں۔