بی جے پی نے وعدہ توڑا ، آندھرا کے ساتھ ناانصافی کی ، استعفی نہیں عدم اعتماد کی تحریک آخری راستہ : نائیڈو

01:01PM Tue 20 Feb, 2018

حیدر آباد : بجٹ سے ناراض تیلگو دیشم پارٹی اور بی جے پی کے درمیان کشیدگی بڑھتی جارہی ہے ۔ پیر کو ایک پروگرام کے دوران وزیر اعلی این چندرا بابو نائیڈو نے واضح طور پر کہا کہ مرکز نے آندھرا پردیش کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔ جب میں انصاف مانگ رہا ہوں تو بی جے پی اور وائی ایس آر سی پی دونوں مل کر مجھے ہی قصوروار قرار دے رہے ہیں ۔ پہلے کانگریس نے آندھرا کے ساتھ نا انصافی کی تھی اور اب بی جے پی بھی وہی کررہی ہے ۔ نائیڈو نے کہا کہ کچھ لوگ ہم سے استعفی مانگ رہے ہیں ، لیکن میں پوچھنا چاہتا ہوں میری پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ استعفی دیدیں گے تو عوام کے حقوق کی لڑائی کون لڑے گا ۔ عدم اعتماد کی تحریک ہمارے لئے آخری راستہ ہے لیکن اس کیلئے بھی کم سے کم چون ممبران پارلیمنٹ کی ضرورت ہے ، جو ہمارے پاس نہیں ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس بھی میری تنقید کررہی ہے ، لیکن انہیں یاد نہیں کہ جب وہ لوگ اقتدار میں تھے تب بھی آندھرا پردیش کے ساتھ انہوں نے نا انصافی کی تھی ۔
 اس سے قبل نائیڈو نے ہفتہ کو کہا تھا کہ ہم بی جے پی کے ساتھ اس لئے آئے تھے تاکہ آندھرا پردیش کے لوگوں کے ساتھ انصاف ہوسکے ، میں انتیش مرتبہ دہلی گیا اور سب سے کئی مرتبہ ملاقات کی ، پھر بھی انصاف نہیں کیا گیا ۔