بھٹکل میں کل یکم جون سے کھلیں گی تمام دکانیں: احتیاط کے ساتھ معمولات زندگی انجام دینے کی ضرورت
01:24PM Sun 31 May, 2020
بھٹکل: 31 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں اعلان کے مطابق کل یکم جون سے تمام دکانیں کھولی جائیں گی، اس کے ساتھ ہی پھر ایک بار بھٹکل میں کاروباری سرگرمیاں معمول پر لوٹنے کا امکان ہے۔ ایس پی کے اعلان کے مطابق کل سے کنٹینمنٹ ایریا کو چھوڑ کر بھٹکل میں تمام دکانیں صبح 08:00 سے دوپہر 02:00 بجے تک کھلی رہیں گی جبکہ 8جون کو ان اوقات میں تبدیلی کیے جانے کا امکان ہے، اطلاع کے مطابق کل سے بھٹکل میں آٹو اور ٹیمپو سرویس بھی شروع ہونگی۔
ویسے تو بھٹکل میں تین دن سے صبح 08:00 بجے سے دوپہر 02:00 بجے تک اشیاء ضروریہ کی دکانیں کھل رہی ہیں اور لوگ اپنی ضروریات کی چیزیں خرید رہے ہیں۔
لیکن ان سب کے دوران سوچنے کی بات یہ ہے کہ ہمیں اب کورونا کے ساتھ ہی جینا ہے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے جتنی بھی ہدایتیں دی گئیں ہیں ان پر پابندی کے ساتھ کاربند رہنا نہایت ضروری ہے۔ خاص کر سماجی دوری کا لحاظ رکھنا اور ماسک کے پہننے کو اپنے اوپر لازم کرنا چاہئے۔
عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی ڈھیل کا غلط فائدہ اٹھا کر عوام بے جا گھروں سے نکلتے ہیں یہاں تک کہ سیر و تفریح تک کے لیے چلے جاتے ہیں جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ یہ بے احتیاطی ہمیں پھر مشکل میں ڈال دیتی ہے اور سامنے والوں کو الزام لگانے کا موقع مل جاتا ہے۔ اس لیے کورونا سے ڈرے بغیر احتیاط برتیں اور حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کا خیال رکھیں۔