مرکز میں ہماری حکومت بنی تو ختم کردیں گے تین طلاق قانون : کانگریس

12:53PM Thu 7 Feb, 2019

کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ اگلے لوک سبھا انتخابات میں اگر وہ جیت کر مرکز میں حکومت بناتی ہے تو وہ تین طلاق قانون کو ختم کردے گی ۔ کانگریس اقلیتی کانفرنس میں مہیلا کانگریس کی سربراہ سشمتا دیو نے کہا کہ ہماری حکومت بنے گی تو ہم تین طلاق قانون ختم کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون مسلم مردوں کو جیل میں بھیجنے کی سازش ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کے ذریعہ تین طلاق کو کالعدم قراردئے جانے کے بعد مودی حکومت اس سے متعلق ایک بل مسلم خواتین ( شادی کے حقوق کا تحفظ ) بل 2018 کر آئی تھی ، جو لوک سبھا میں توپاس ہوچکا ہے ، مگر راجیہ سبھا میں زیر التوا ہے ۔ اس بل کی رو سے تین طلاق دینے والوں کو تین سال تک کی سزا کا بندوبست کیا گیا ہے ۔
 راجیہ سبھا میں زیر التوا ہونے کی وجہ سے اس سلسلہ میں ایک آرڈیننس جاری کیا گیا ہے ۔ تین طلاق سے متعلق آرڈیننس میں تحریری ، زبانی یا کسی دوسرے ذریعے سے تین طلاق دینے کو غیر قانونی بنایا گیا ہے۔ اس میں ڈیجیٹل ذرائع سے دیئے گئے تین طلاق کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ آرڈیننس کے ذریعے اسے غیر ضمانتی جرم بنایا گیا ہے، حالانکہ مجسٹریٹ میاں بیوی کے درمیان صلح کرانے اور بیوی کی دلیل سننے کے بعد شوہر کو ضمانت دے سکتا ہے۔