بجٹ سیشن بھی ہوا ختم ، راجیہ سبھا میں تین طلاق سے متعلق بل پاس نہیں کرواسکی مودی حکومت
01:44PM Wed 13 Feb, 2019
Share:
تین طلاق سے متعلق بل پیش ہونے سے پہلے ہی راجیہ سبھا میں بجٹ سیشن کے اختتام کا اعلان کردیا گیا ۔ ایوان میں عبوری بجٹ کو بھی کسی بحث کے بغیر پاس کردیا گیا ۔ راجیہ سبھا نے صدر جمہوریہ کے خطاب پر تحریک شکریہ کو بھی پاس کردیا ۔ رافیل معاملہ پر راجیہ سبھا میں کیگ رپورٹ پیش ہونے کے بعد سے ہی اپوزیشن نے ہنگامہ آرائی شروع کردی تھی ۔ سی اے جی کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی رافیل ڈیل یو پی اے سرکار میں مجوزہ ڈیل سے سستی ہے ۔
خیال رہے کہ اپوزیشن کا مطالبہ ہے مسلم خواتین ( شادی کے حقوق کا تحفظ ) بل 2018 کو سلیکٹ کمیٹی میں بھیجا جائے ۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے بھی تین طلاق سے متعلق بل کو خواتین مخالف قرار دیا ہے ۔
مجوزہ قانون کے تحت ایک مرتبہ میں تین طلاق دینا غیر قانونی اور کالعدم ہوگا اور ایسا کرنے والے کو تین سال تک کی سزا ہوسکتی ہے ۔ گزشتہ سال دسمبر میں اس بل کو لوک سبھا میں پاس کردیا گیا تھا ۔
بل پرایوان میں طویل بحث بھی ہوئی تھی ۔ بل میں ضروری ترامیم کو لے کر کانگریس اور اے آئی اے ڈی ایم کے سمیت کئی سیاسی پارٹیوں نے ایوان سے واک آوٹ کیا تھا ۔ حالانکہ اس کے بعد بھی بل پر ووٹنگ کرائی گئی ۔ ایوان میں موجود 256 اراکین میں سے 245 اراکین نے اس کی حمایت میں ووٹ دیا جبکہ 11 اراکین نے اس کے خلاف ووٹ دیا تھا ۔