نوٹ بندی : نئے سال میں بھی راحت نہیں، جاری رہ سکتی ہے کیش نکالنے پر لگی روک

03:07PM Sun 25 Dec, 2016

نئی دہلی : 8 نومبر کو نافذ کئے گئے نوٹ بندی کے فیصلے کے بعد بینکوں اور اے ٹی ایم سے کیش نکالنے کی مقررہ حد 30 دسمبر کے بعد بھی جاری رہ سکتی ہے۔ ایسا اس لئے ہے ، کیونکہ نئے نوٹوں کی جتنی مانگ ہے، ریزرو بینک آف انڈیا اور نوٹ چھاپنے والے پرنٹنگ پریس اس کے مطابق سپلائی نہیں کر پا رہے ہیں۔ نوٹ بندی کے 50 دن پورے ہونے کی تاریخ جیسے جیسے قریب آ رہی ہے، ویسے ویسے بینکاروں کے درمیان اس بات پر اتفاق قائم ہورہا کہ کیش نکالنے پر لگی روک نئے سال میں بھی جاری رہے گی ، تاکہ بینک منظم طریقے سے کام کر سکیں۔ فی الحال مقررہ حد کے مطابق کوئی بھی شخص روزانہ اپنے اے ٹی ایم سے 2500 روپے کیش نکال سکتا ہے۔ اس کے علاوہ بینک اکاؤنٹس سے ہر ہفتے زیادہ سے زیادہ 24 ہزار روپے کی رقم نکالی جا سکتی ہے۔ تاہم زیادہ تر اے ٹی ایم کیش کی قلت سے دو چار ہیں اور لوگ بینکوں سے بھی مقررہ رقم نہیں نکال پا رہے ہیں ، کیونکہ بینکوں کو کیش کی وافر سپلائی نہیں ہو پا رہی ہے۔ بینک لوگوں کو اس حد سے کم کی نقد دستیاب کرا رہے ہیں ، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو نقد رقم دی جا سکے۔ ایس بی آئی کی چیئرپرسن اروندھتی بھٹاچاریہ نے حال ہی میں اشارہ دیا تھا کہ رقم نکالنے پر بندش اس وقت تب تک نہیں ہٹائی جا سکتی، جب تک کہ بینکوں کے پاس کافی مقدار میں نقد رقم دستیاب نہیں ہو۔