بھٹکل میں رابطہ تعلیمی ایوارڈ کا شاندار پروگرام؛ ہونہار طلبہ سمیت ڈی ایس پی اور صدر انجمن کی بھی کی گئی تہنیت

05:27PM Fri 2 Aug, 2019

بھٹکل: 01 اگست،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کے ہونہار طلبہ و طالبات کو دیا جانے والاباوقار رابطہ  تعلیمی ایوارڈ  برائے 2018-19آج جمعہ بعد نماز عصر انجمن ہائی اسکول میدان میں منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے انجمن اسلام ممبئی کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی نے شرکت کی۔انہوں نے اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے بھٹکل کی تعریف کی اور کہا کہ یہاں رابطہ جیسے اداروں کے کام کے سبب معاشرہ میں تعلیم اور اعلیٰ نمبرات حاصل کرنے  کا رجحان بڑھ رہا ہے  ۔انہوں نے اس موقع پر امتیازی نمبرات لینے والوں میں لڑکوں کی کمی ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران اور سرپرستوں کو اس پر توجہ دینے کی بات کہی۔ مہمان خصوصی نے مثالوں اور کہانیوں کے ذریعے طلبہ کو محنت و لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ  وہ ہمیشہ آگے بڑھنے کی کوشش کریں ایک بار  کامیابی حاصل کرکے خاموش نہ رہیں بلکہ مسلسل ٹاپ رہنے کی کوشش کریں۔انہوں نے کامیابی کے لیے محنت کو ضرور ی قرار دیا اور کہا کہ کامیاب لوگوں کی نشانی ہی یہی ہے کہ وہ منزل ملنے تک  مسلسل محنت کرتے ہیں۔ اس موقع پر دسویں ،پی یو سی، گریجوئٹ  اور مدارس کے عالیہ درجات کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کر نے والے طلبہ و طالبات  کو انعامات اور اسناد سے نوازا گیا ۔جبکہ امسال بہترین اسکول کو دیا جانے والا ایوارڈ بھٹکل کے نیو شمس اسکول کو دیا گیا اوربہترین ٹیچر کا ایوارڈ انجمن گرلس اسکول کی مدرسہ جمشیدہ صاحبہ کو دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ بھٹکل کے ڈی وای ایس پی ویلنٹائن ڈیسوزا کو صدر میڈل ملنے پر تہنیت کی گئی اور صدر انجمن جناب عبدالرحیم جوکاکو صاحب کی  خدمات پر ان کی بھی تہنیت کی گئی  اور سپاس نامہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک کے ساتھ کیا گیا جس کے بعد جنرل سکریٹری رابطہ سوسائٹی جناب یونس قاضیا صاحب نے سالانہ رپورٹ پیش کی،جبکہ جناب زاہد رکن الدین ساحب نے صدارتی کلمات پیش کرتے ہوئے سیول سرویسس کے امتحانات میں طلبہ کو حصہ لینے کی ترغیب دی۔ناظم اجلاس جناب یوسف برماور صاحب کے شکریہ کلمات کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔