اجودھیا میں رام مندرہی کی تعمیرہوسکتی ہے اورکچھ بھی نہیں: فائربرانڈ لیڈراوما بھارتی بھی میدان میں

11:42AM Sun 25 Nov, 2018

اجودھیا میں رام مندر کے موضوع پرممکنہ تحریک کے درمیان مدھیہ پردیش کی سابق وزیراعلیٰ اوربی جے پی کی فائربریگیڈ لیڈراوما بھارتی کا بیان آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجودھیا میں صرف رام مندرکی تعمیرہوسکتی ہے اورکچھ نہیں ہوسکتا ہے۔ مدھیہ پردیش میں انتخابی تشہیرکے درمیان ہوشنگ آباد پہنچیں اوما بھارتی نے یہ بات کہی۔ حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رام مندراوررام کے نام پرہمارا کوئی پیٹنٹ نہیں ہے۔ رام للا سبھی کے ہیں اورسبھی کو بولنے کا حق ہے۔ واضح رہے کہ اجودھیا میں رام مندرکی تعمیرکولے کراتوار کو سنتوں کی جانب سے دھرم سبھا منعقد کی گئی ہے۔ وشو ہندو پریشد کے علاوہ شیو سینا کے کارکنان بھی اس موقع پراجودھیا میں جمع ہوئے ہیں۔ کسی افراتفری یا ناگہانی واقعات کو ٹالنے کے لئے پورا شہرچھاونی کی شکل لئے ہوئے ہے۔
 قابل ذکرہے کہ اجودھیا تنازعہ میں پہلے بھی فساد ہوئے ہیں اورہزاروں جانیں بھی گئی ہیں۔ خاص طورپر 6 دسمبر1992 کی تاریخ ایک سیاہ دن کے طورپریاد کی جاتی ہے، جب فرقہ ورانہ فسادات میں دو ہزارسے زیادہ لوگوں کی اموات ہوئی تھی۔وہیں خفیہ ایجنسی کے ذریعہ یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ اجودھیا میں وشو ہندو پریشد اورآرایس ایس کی طرف سے اتوارکومنعقدہ دھرم سبھا کے دوران سادھو کے لباس میں دہشت گرد حملہ کرسکتے ہیں۔ خفیہ بیورو (آئی بی) سے ملے ان پٹ کے بعد یوپی پولیس نے اجودھیا شہرکی سیکورٹی میں اچانک مزید اضافہ کردیا ہے۔