SIO Bhatkal hosts inter-college history fair to promote historical research among students
05:26PM Fri 4 Sep, 2026
بھٹکل 4/ستمبر: (بھٹکلیس نیوز بیورو) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) کی بھٹکل یونٹ کی جانب سے ’’Imprints of the Past‘‘ کے عنوان سے جمعرات کے روز نیو شمس اسکول کے ایم ٹی حسن باپا ہال میں انٹر کالج ہسٹری فئیر کا انعقاد کیا گیا، جس میں بھٹکل و اطراف کے مختلف پری یونیورسٹی اور ڈگری کالجوں کی 12 ٹیموں سے 36 طلبہ نےحصہ لیا۔
افتتاحی تقریب میں جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیر مولانا سید زبیر ایس ایم نے فئیر کا افتتاح کرنے کے ساتھ افتتاحی اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر طلبہ کے علاوہ تعلیمی اور سماجی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ایس آئی او بھٹکل یونٹ کے صدر محمد زیان نے تاریخ کے مطالعے کی اہمیت اور تنظیم کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ایس آئی او آف انڈیا کے سابق سیکریٹری نہال کڈیور نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کرتے ہوئے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے ماضی اور تاریخ کا گہرا مطالعہ کریں۔


قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے جنرل سیکریٹری اسحاق شاہ بندری اور قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سیکریٹری عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے منتظمین اور شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے اس طرح کے مزید تعلیمی پروگرام منعقد کرنے اور ان کے تسلسل پر زور دیا۔
فئیر میں طلبہ، ماہرین تعلیم اور مختلف تنظیموں سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اختتامی اجلاس کی صدارت ایس آئی او بھٹکل یونٹ کے صدر محمد زیان نے کی۔ اس موقع پر معروف صحافی اور تنظیم کے سابق جنرل سیکریٹری ڈاکٹر حنیف شباب اور انجمن پی یو کالج کے ہسٹری کے پروفیسر ایم ایس گروراج نے شرکاء کی کوششوں کو سراہتے ہوئے طلبہ کو تاریخ کے مطالعے کے ساتھ اپنی تحقیقی اور تجزیاتی صلاحیتیں بھی بہتر بنانے کی تلقین کی۔
شمس پری یونیورسٹی کالج (بوائز) کی دو ٹیموں نے بالترتیب پہلا اور دوسرا انعام حاصل کیا۔ پہلا انعام حاصل کرنے والی History Hawks ٹیم میں عثمان غنی ہلارے، اسرار احمد خطیبی اور رضوان ائیکیری شامل تھے، جبکہ دوسرا انعام حاصل کرنے والی Ibn Sina ٹیم میں محمد اذہان، محمد عرفات اور عبد البدیع شامل تھے۔
انجمن پی یو کالج فار ویمن، بھٹکل کی Shore of Legacy ٹیم نے تیسرا انعام حاصل کیا۔ ٹیم میں عائشہ شہامہ مہک، روچیتا مدھوکر نائک اور ماریہ قبطیہ شامل تھیں۔
اس کے علاوہ انجمن ڈگری کالج فار ویمن اور شمس پری یونیورسٹی کالج (بوائز) کی ٹیموں کو دو اعزازی انعامات بھی دیے گئے۔
اس موقع پر ایس آئی او کیمپس سیکریٹری سید سابق برماور، میڈیا سیکریٹری مشائخ طالش اور غطریف رضا مانوی سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ ثمامہ خان کے شکریہ کلمات پر اس نشست کا اختتام ہوا۔